یونس خان کی معذرت ، دوبارہ کھیلنے کی خواہش

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

پاکستانی بیٹسمین یونس خان نے پاکستان کپ کے دوران پیش آنے والے واقعے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اس ٹورنامنٹ میں دوبارہ کھیلنے کی خواہش ظاہر کر دی ہے۔

یونس خان نے پیر کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہر یار خان سے فون پر بات کی جو اس وقت آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی میں ہیں۔

یونس خان نے امپائرنگ کے سلسلے میں پیش آنے والے واقعے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے شہر یار خان سے کہا کہ وہ ٹورنامنٹ میں دوبارہ کھیلنا چاہتے ہیں۔

یونس خان کا کہنا تھا کہ چونکہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے مشیر بھی ہیں اور اس ناتے ان کا فرض بنتا ہے کہ وہ ملک میں کرکٹ کے فروغ کی کوششوں کے طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کے سب سے بڑے ون ڈے ٹورنامنٹ میں حصہ لیں۔

یاد رہے کہ یونس خان جو اپنے مخصوص سخت مزاج کے لیے مشہور ہیں پاکستان کپ میں امپائرز کے فیصلوں سے ناراض ہوکر ٹورنامنٹ ادھورا چھوڑ کر چلے گئے تھے ۔

یونس خان کے سخت رویے کے بارے میں امپائرز نے میچ ریفری سے شکایت کی تھی جس پر انہیں میچ کے بعد طلب کیا گیا تھا تاہم وہ میچ ریفری کے سامنے پیش نہیں ہوئے تھے۔

میچ ریفری نے یونس خان پر میچ فیس کا پچاس فیصد جرمانہ عائد کیا تھا جو سماعت میں پیش نہ ہونے کے نتیجے میں سو فیصد ہوگیا تھا۔

اسی بارے میں