پشاور میں دھماکے سے تین موٹر سائیکل سوار افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ bbc

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہونے والے دھماکے میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں افراد شدت پسند تھے۔

پولیس اہلکار مرجان علی خان نے بی بی سی کے نامہ نگار عزیز اللہ خان کو بتایا کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد تھانہ ریگی کے حدود میں سفید سنگ روڑ پر ایک موٹر سائیکل پر جا رہے تھے کہ دھماکہ ہو گیا۔

انھوں نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ایک خودکش جیکٹ، دستی بم اور خودکار رائفل بھی برآمد ہوئی ہے۔

اہلکار مرجان علی خان کے مطابق بم ڈسپوزل کا عملہ اس وقت شواہد حاصل کر رہا ہے اور ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دھماکہ کس طرح ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ بظاہر ہلاک ہونے والے افراد کسی واردات پر جا رہے تھے تاہم اس ضمن میں ابھی مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ تھانہ ریگی میں شدت پسندی کے واقعات پیش آ چکے ہیں تاہم نامہ نگار کے مطابق یہ واقعات معمولی نوعیت کے تھے اور ان میں کبھی زیادہ نقصان نہیں ہوا۔

اسی بارے میں