کراچی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سےدو پولیس اہلکار ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Getty
Image caption پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو قریب سے کئی گولیاں ماری اور فرار ہو گئے

پاکستان کے شہر کراچی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے ہیں۔

سنیچر کو ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو کراچی علاقے عائشہ منزل کے قریب نشانہ بنایا گیا۔

٭ ’پولیس حملے میں ملوث گروہ کی نشاندہی ہو گئی‘

٭ کراچی میں پولیو مہم کے دوران فائرنگ، سات اہلکار ہلاک

پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو قریب سے کئی گولیاں ماری اور فرار ہو گئے۔ اس واقعے میں ایک پولیس اہلکار موقعے پر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

فائرنگ کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لینے کے بعد سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے خول ملے ہیں۔

یاد رہے کہ کراچی میں اس سے قبل بھی کئی مرتبہ شدت پسندوں نے پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے جبکہ کچھ ماہ قبل کراچی میں تعینات رینجرز کے اہلکاروں کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

کراچی میں شدت پسند اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف آپریشن سنہ 2013 میں شروع ہوا تھا۔ آپریشن سے شہر میں امن و امان کی صورتحال قدرے بہتر ہوئی ہے لیکن پولیس سمیت دیگر افراد کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں

.

اسی بارے میں