کراچی: فائرنگ سے ڈان نیوز کے کارکن زخمی

Image caption دونوں زخمیوں کو جناح ہپستال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ڈان نیوز کے دو کارکن زخمی ہو گئے ہیں۔

دونوں زخمیوں کو جناح ہپستال منتقل کیا گیا ہے جہاں ان میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

فائرنگ کا یہ واقعہ قائد آباد میں گذشتہ شب پیش آیا۔ ڈی آئی جی ذوالفقار مہر کا کہنا تھا کہ ڈان نیوز کے کنٹریکٹ ملازم یوسف اور حاکم فائرنگ میں اس وقت زخمی ہوئے جب وہ شفٹ تبدیل کر کے واپس جا رہے تھے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو بھائیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جو ہسپتال میں دم توڑ گئے

پولیس کے مطابق ٹرانسپورٹ سپروائزر حاکم کو بازو اور گردن جبکہ یوسف کے پیروں میں زخم آئے ہیں، البتہ ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کی تحقیقات کا حکم جاری کیا ہے۔

ڈی آئی جی ذوالفقار مہر کا کہنا ہے کہ پولیس واقعے کی تفصیلات اور شواہد جمع کر رہی ہیں لیکن چشم دید گواہوں کی بیانات سے واقعہ ڈکیتی کا نتیجہ نظر آتا ہے۔

دوسری جانب کورنگی ویٹا چورنگی کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو بھائیوں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس سے بابر اور شاہد نامی یہ دونں بھائی شدید زخمی ہوگئے۔

ان دونوں کو عباسی شہید ہپستال منتقل کیا گیا تھا جہاں بعد میں دونوں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔

ایس ایچ او کورنگی عبدالمجید کا کہنا ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے اور واقعے کے اسباب کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

اسی بارے میں