’مودی اور را سمیت دشمن کی چالوں کو سمجھ چکے ہیں‘

تصویر کے کاپی رائٹ ISPR

پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ’مودی‘ ہو یا ’را‘ ہم دشمن کی چالوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔

پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کے مطابق جمعرات کو گلگت میں چین پاکستان اقتصادی راہدری منصوبے کے دو روزہ اختتامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج ملکی سلامتی کے لیے کسی بھی حد تک جائے گی۔

٭ ’ملک دشمن ایجنسیاں اقتصادی راہداری منصوبے کے خلاف ہیں‘

٭ ’اقتصادی راہداری کے خلاف مہمات سے آگاہ ہیں‘

٭ ’اقتصادی راہداری کے مخالفین کی مہم سے آگاہ ہیں‘

جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ہم قوم کو یقین دہانی کروانے چاہتے ہیں کہ پاکستان کی سرحدیں بالکل محفوظ ہیں۔ چاہے ’مودی‘ ہو یا ’را‘ ہم دشمن کی چالوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔

’میں پورے یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ ہم صحیح سمت کی جانب جا رہے ہیں، ہم کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو ہر قیمت اور ہر سطح پر توڑیں گے۔‘

بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کے لیے دہشت گردی ایک بڑا چیلنج ہے اور جس طرح ہم نے جس طرح دہشت گردی پر قابو پایا دنیا میں کوئی اور ایسا نہیں کر سکا۔

راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دنیا چاہے کچھ بھی سمجھے لیکن ہم اپنی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اور لڑتے رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کی ترقی کے لیے بہت اہم ہے اور اس کی سکیورٹی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

اسی بارے میں