’پاناما میں چھپائے اربوں روپے کا حساب لیں گے‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ رائے ونڈ جاکر احتجاج کریں گے کہ ہمیں حساب دو کیونکہ وزیر اعظم پاناما کی کمپنیوں میں اربوں روپے چھپا کر رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں۔

نواز شریف کی مہلت، عمران کو نوٹس جاری

کراچی میں منگل کو میڈیا اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ برطانوی وزیر اعظم کی رہائشگاہ ڈاونگ سٹریٹ کے باہر بھی احتجاج ہوتے ہیں وہ رائے ونڈ میں احتجاج کریں گے مسلم لیگ بنی گالا آکر کیا کریں گے۔

’میرا تو سارا کچھ کھلی کتاب ہے۔ میں نے تو کوئی چیز نہیں چھپائی تو کیا وہ مجھے بلیک میل کرنے کے لیے آئیں گے، اگر وہ سمجھتے ہیں کہ بنی گالہ آنے کی دھمکی دیں گے تو میں پیچھ ہٹ جاؤں گا وہ مجھے ابھی مجھے جانتے نہیں ہیں۔

قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق کی جانب سے عمران خان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا گیا ہے، جس کے جواب میں الیکشن کمیشن نے انہیں نوٹس جاری کیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ سپیکر نے جو فیصلہ دیا ہے اب ہم رائےونڈ مارچ کریں گے اور پورے پاکستان سے لوگوں کو بلاؤ ں گا، اس کے علاوہ اس مارچ کے لیے ان سب جماعتوں کو دعوت دی جائیگی جو یہ سمجھتی ہیں کہ اس ملک میں نواز شریف کی بادشاہت قائم کی جا رہی ہیں اور قانون سے بالاتر ہو وہ جمہوریت کو تباہ کر رہا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی متنازعہ تقریر اور اس کے دفاتر سیل ہونے کے بعد تحریک انصاف کے سربراہ کا کراچی کا یہ پہلا دورہ تھا، جس میں وہ اے آر وائی چینل کے دفتر بھی گئے جس پر حملہ کیا گیا تھا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جو ہجرت کرکے آتے ہیں وہ زیادہ وفادار ہوتے ہیں ان کی والدہ بھی ہجرت کرکے آئی تھیں۔

’ کراچی والوں کو یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں خاص طور پر مہاجروں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ میں آپ کے ساتھ ہوں اس لیے نہیں کہ ہم سب پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر ہونا چاہیے اس لیے بھی کہ میری والدہ خود پوری فیملی کے ساتھ ہجرت کرکے پاکستان آئی تھیں۔‘

تحریک انصاف کی جانب سے منگل کو نشتر پارک میں جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے، جس سے عمران خان سمیت تحریک انصاف کی قیادت اور اتحادی خطاب کریں گے۔ عمران خان کا دعویٰ تھا کہ وہ پورے کراچی کو اکٹھا کریں گے اور یہ جلسہ تاریخی ہوگا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں