پاکستانی فضائیہ کا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption پشاور ایئر بیس (فائل فوٹو)

پاکستانی فضائیہ کا ایک طیارہ قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں جمرود کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ اس طیارے میں سوار پائلٹ حادثے میں ہلاک ہوگیا ہے۔

پاکستان فضائیہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز تھا کہ اچانک قبائلی علاقے جمرود میں گر کر تباہ ہوگیا۔ طیارے کے پائلٹ فلائٹ لیفٹیننٹ عمر شہزاد اس حادثے میں شدید زخمی ہوگئے تھے لیکن بعد میں وہ دم توڑ گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے میں عام شہریوں اور ان کی املاک کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اس حادثے کی تفتیش کا حکم دے دیا گیا ہے تا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

یہ اطلاعات بھی ہیں کہ ’ایف سیون پی جی‘ ساخت کا یہ طیارہ تکنیکی خرابی کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا، تاہم اس بارے میں مذید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

گزشتہ سال نومبر میں اسی طرح کا ایک طیارہ صوبہ پنجاب کے علاقے کندیاں ضلع میانوالی میں گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں ایک خاتون پائلٹ مریم مختار ہلاک ہو گئی تھیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں