انڈیا نے کسی پر حملہ نہیں کیا اور نہ ہی وہ زمین کا بھوکا ہے: نریندر مودی

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

انڈیا کی جانب سے پاکستان میں سرجیکل سٹرائیکس کے دعوے اور ایل او سی پر فائرنگ کے تبادلے کی وجہ سے پاکستان اور انڈیا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ان کے ملک نے کسی ملک پر حملہ نہیں کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ انڈیا کسی کی زمین قابو کرنے کے لیے بھوکا بھی نہیں ہے لیکن انڈیا کے فوجیوں نے ملک اور دوسروں کے مفادات کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق اتوار کو دہلی میں ایک تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا، 'انڈیا نے کسی پر حملہ نہیں کیا۔ نہ ہی انڈیا کسی کی زمین کا بھوکا ہے۔ لیکن دو عالمی جنگوں میں (جس میں ہندوستان کا براہ راست کوئی لینا دینا نہیں تھا) ڈیڑھ لاکھ انڈین فوجیوں نے اپنی جان کی قربانی دی تھی.'

انھوں نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے انڈین نژاد لوگ بھی سیاست یا پھر غیر ملکی زمین پر قبضے میں شامل نہیں ہوتے بلکہ دیگر کمیونٹیز کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انڈیا کے لوگ پانی کی طرح ہوتے ہیں اور دوسرے لوگوں کے ساتھ گھل مل كر رہتے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP

مودی نے کہا کہ کئی قربانیوں کے باوجود دنیا نے انڈیا کی اہمیت کو نہیں سمجھا ہے اس لیے وہ جب بھی بیرون ملک جاتے ہیں تو انڈین فوجیوں کے لیے بنائی گئی یادگاروں پر جانا نہیں بھولتے۔

یاد رہے کہ 18 ستمبر کو انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے اوڑی میں انڈین فوج کے کیمپ پر حملے میں 19 فوجیوں کی ہلاکت ہوئی تھی جس کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔

اس کشیدگی میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب 28 اور 29 ستمبر کی درمیانی شب انڈیا کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے پار پاکستان کے زیرِ انتظام علاقے میں 'سرجیکل سٹرائیکس' کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔

پاکستان نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے سرحد پار فائرنگ کا واقعہ قرار دیا جس میں دو پاکستانی فوجی مارے گئے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں