کشمیر: میر واعظ عمر فاروق کے بعد یاسین ملک بھی رہا

یاسین ملک تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption حکام کے مطابق یاسین ملک کو سنیچر کو رہا کیا گیا

انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں حکام نے بتایا ہے کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک کو تقریباً چار ماہ کی قید کے بعد سرینگر کی سینٹرل جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔

انھیں آٹھ جولائی کو حزب المجاہدین کے نوجوان کمانڈر برہان الدین وانی کی ہلاکت کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔

انڈیا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق حکام نے بتایا کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما یاسین ملک کو سنيچر کی شام سرینگر کی سینٹرل جیل سے رہا کیا گيا اور وہ معصومہ میں اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق وہ اتوار کو میڈیا سے بات کریں گے۔

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ ریڈیو پاکستان کے مطابق یاسین ملک کو خراب حالات میں غیر قانونی طور پر قید میں رکھا گیا جہاں ان کی صحت بگڑتی گئی۔ گذشتہ دنوں انھیں مبینہ طور پر طبی امداد نہ فراہم کرنے پر سرینگر میں انڈین حکومت کے خلاف مظاہرے بھی ہوئے۔

اس سے قبل سوموار کو حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو دو ماہ کی قید کے بعد رہا کیا گیا تھا تاہم انھیں ابھی ان کے گھر پر نظر بند رکھا گيا ہے۔

خیال رہے کہ کشمیر میں گذشتہ 114 دنوں سے جاری عوامی احتجاج میں اب تک سو سے زیادہ افراد ہلاک اور پندرہ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption گذشتہ دنوں یاسین ملک کو مبینہ طور طبی سہولیات نہ فراہم کیے جانے کے خلاف سرینگر میں مظاہرے بھی ہوئے تھے

کشمیر میں انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک درجن سے زیادہ تنظیموں کے اتحاد سی سی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق انڈین سکیورٹی فورسز اب تک نو ہزار سے زیادہ افراد کو گرفتار کر چکی ہیں۔

ان میں یاسین ملک اور میر واعظ جیسے حریت کانفرنس کے سرکردہ رہنماؤں سمیت حریت کے ایک ہزار سے زیادہ کارکن شامل ہیں۔

ان کے علاوہ کشمیر کی علیحدگی کی تحریک کے بزرگ رہنما سید علی گیلانی اور شبیر احمد شاہ کو بھی اُن کے مکانوں پر نظر بند رکھا گیا ہے۔

سی ایس ایس کے سرکردہ رہنما خرم پرویز بھی گذشتہ ایک ماہ سے جموں کی کوٹ بلوال جیل میں قید ہیں۔

اسی بارے میں