انڈیا کا ایٹمی بین البراعظمی میزائل کا تجربہ

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption انڈیا نے رواں سال یوم جمہوریہ کی اپنی پریڈ میں اس میزائل کا نمونہ پیش کیا تھا

انڈیا نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل اگنی پنجم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

انڈیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق یہ تجربہ سوموار کو 11 بجے کے بعد مشرقی ساحلی ریاست اڑیسہ کے وھلیر جزائر سے کیا گيا۔

اس میزائل میں جوہری اسلحے کو لے جانے کی صلاحیت ہے اور یہ چین کے سب سے شمالی علاقوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ میزائل 17 میٹر لمبا، دو میٹر چوڑا ہے جبکہ اس کا وزن تقریباً 50 ٹن ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption میزائل کا کامیاب تجربہ سوموار کو کیا گیا

ماہرین کا خیال ہے کہ اگنی پانچ ساخت کا میزائل ایک ٹن سے زیادہ وزن کا جوہری ہتھیار لے جانے کی اہلیت رکھتا ہے۔

اس کے ساتھ ہی یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ یہ میزائل نیویگیشن، گائیڈنس، وارہیڈ اور انجن کے معاملات میں نئی ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔

انڈیا کے پاس اب 700 کلومیٹر تک نشانہ لگانے الے اگنی-1، 2000 کلومیٹر تک مار کرنے کے قابل اگنی-2، 2500 کلومیٹر کے فاصلے تک مار کرنے والے اگنی-3 اور 3500 کلومیٹر فاصلے تک مار کرنے والے اگنی-4 کے علاوہ اب جدید ٹکنالوجی سے لیس اگنی-5 بھی ہے۔