انڈیا: ٹرین حادثے میں 15 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، دو افراد ہلاک

ٹرین حادثہ تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption اس سے قبل گذشتہ ماہ ہونے والے ریل حادثے میں 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے

انڈیا کی شمالی ریاست اترپردیش میں کانپور کے دیہی علاقے کے رورا سٹیشن کے نزدیک ایک حادثے میں ایکسپریس ٹرین کی 15 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس میں کم از کم دو افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔

اندیا کی خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے کانپور کے آئی جی ذکی احمد کے حوالے سے خبر دی ہے کہ اس حادثے میں دو افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ 26 زخمی ہیں۔

ایک دوسرے اہلکار مہیش کمار نے بتایا ہے کہ زخمیوں کی تعداد تقریباً 50 ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انڈیا کی وزارت ریلوے نے تصدیق کی ہے کہ ٹرین نمبر 12987 سیالدہ-اجمیر ایکسپریس کے ڈبے کانپور سے 50 کلومیٹر دور رورا اور میتھا کے درمیان صبح 5 بج کر 20 منٹ پر پٹری سے اتر گئے ہیں۔

الہ آباد ڈیویژن کے سی پی آر او وجیندر کمار نے بی بی سی کو بتایا کہ 15 بوگیاں پٹری سے اتری ہیں جن میں 13 سلیپر اور دو جنرل ڈبے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption وزارت ریل کے ٹوئٹر ہینڈل سے اس حادثے کی تصدیق کی ہے

ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وہ خود صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر علاج دستیاب کرایا جا رہا ہے اور سینیئر افسران حادثے کی جگہ پہنچ گئے ہیں۔

سریش پربھو نے لکھا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی تفصیلی جانچ کی جائے گی اور زخمیوں کو معاوضہ دیا جائے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption وزیر ریل سوریش پربھو نے ریل حادثے کے متاثرین کو معاوضہ دینے کی بات کہی ہے

الہ آباد میں ڈي آر ایم سنجے کمار پنکج نے بی بی سی کو بتایا کہ پٹری سے اتر جانے والے ڈبوں سے مسافروں کو نکال لیا گیا ہے۔

جبکہ رورا ریلوے سٹیشن کے سٹیشن ماسٹر مہیش کمار نے بی بی سی سے بات چیت میں کہا کہ حادثہ سٹیشن کے نزدیک ہوا ہے۔

مہیش کمار نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق اس حادثے میں 50 سے زیادہ لوگوں کے زخمی ہونے کی خبر ہے۔

گذشتہ ماہ ہی کانپور کے قریب ایک بڑا ریل حادثہ ہوا جس میں تقریباً ڈیڑھ سو افراد کی موت ہو گئی تھی۔ یہ حادثہ پٹنہ-اندور ایکسپریس کی 14 بوگیوں کے پٹری سے اترنے کے سبب ہوا تھا۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں