انوشکا کے ساتھ منگنی نہیں کر رہا: وراٹ کوہلی

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption گذشتہ چند روز سے انڈین ذرائع ابلاغ میں کوہلی اور انوشکا کی منگنی سے متعلق خبریں زرو شور سے نشر کی جا رہی تھیں اور بالآخر خود وراٹ کوہلی نے خاموشی توڑتے اسے بے بنیاد بتایا

انڈیا کےمعروف کرکٹ کھلاڑی وراٹ کوہلی نے میڈیا کی ان خبروں کو گمراہ کن قرار دیا ہے کہ وہ نئے سال کے موقع پر اداکارہ انوشکا شرما سے منگنی کرنے والے ہیں۔

گذشتہ چند روز سے انڈین ذرائع ابلاغ میں کوہلی اور انوشکا کی منگنی سے متعلق خبریں نشر کی جا رہی تھیں اور بالآخر خود وراٹ کوہلی نے خاموشی توڑتے ہوئے ان تمام افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا۔

وراٹ کوہلی نے جمعہ کی صبح ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'ہم منگنی نہیں کر رہے ہیں اور اگر کرتے تو یہ بات چھپاتے نہیں۔ سمپل۔'

کوہلی نے مزید لکھا: 'چونکہ نیوز چینلز غلط افواہیں پھیلانے سے باز نہیں آ رہے اور آپ سب کو كنفيوژ کر رہے ہیں اس لیے ہم اس كنفيوژن کو ختم کر رہے ہیں۔'

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption کوہلی نے اپنی ٹویٹ کے ذریعے میڈیا کی خبروں کو غلط بتایا ہے

انڈین میڈیا میں کچھ دنوں سے یہ قیاس آرایاں ہو رہی تھیں کہ فی الحال ریاست اتراکھنڈ کے نریندرنگر میں چھٹیاں منانے والے وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما نئے سال کے پہلے روز منگنی کر سکتے ہیں۔

لیکن کوہلی کی اس ٹويٹ کے بعد میڈیا کی یہ قیاس آرائیوں بند ہو جانی چاہیں۔

کوہلی کے ان دونوں ٹویٹس کو اداکارہ انوشکا شرما نے دوبارہ ٹویٹ کرکے اس موقف کی تصدیق بھی کردی ہے۔

اس سے پہلے بھی کوہلی اور انوشکا کے تعلقات کے حوالے سے کئی بار سوشل میڈیا پر بحث ہوتی رہی ہے۔

اسی برس مارچ میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں موہالی میں آسٹریلیا کے خلاف انڈیا کی جیت کے بعد سوشل میڈیا پر اداکارہ انوشکا شرما کا مذاق اڑانے والوں پر وراٹ کوہلی نے سخت نکتہ چینی کی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption کوہلی کے ان دونوں ٹویٹز کو اداکارہ انوشکا شرما نے دوبارہ ٹویٹ کرکے اس موقف کی تصدیق کردی ہے

کوہلی نے اپنے انسٹاگرام اور ٹویٹر صفحے پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس پر انگریزی زبان کا لفظ ’شیم‘ لکھا تھا۔ کوہلی نے یہ پیغام ان لوگوں کو دیا تھا جو سوشل میڈیا پر ان کی دوست انوشکا کے حوالے سے طرح طرح کی باتیں شیئر کر رہے تھے۔

بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس بلے باز نے انسٹاگرام پر لکھا تھا: 'ایسے لوگوں پر شرم آتی ہے جو طویل وقت سے انوشکا کے پیچھے پڑے ہیں اور ہر خراب بات کو انوشکا سے جوڑ دیتے ہیں۔ ایسے لوگوں پر شرم آتی ہے جو خود کو پڑھا لکھا کہتے ہیں۔ ان کو نشانہ بنانے اور ان کا مذاق اڑانے والوں پر شرم آتی ہے کیونکہ میں اس کھیل میں جیسی بھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہوں، اس کا انوشکا سے کچھ بھی لینا دینا نہیں ہے۔'

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں