انڈیا: قومی ترانے پر کھڑے نہ ہونے کی وجہ سے گرفتاری

  • 12 جنوری 2017
تھیئٹر تصویر کے کاپی رائٹ Wales News Service
Image caption سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں اس طرح کے واقعات پیش آ چکے ہیں

انڈیا کی ریاست تمل ناڈو کے دارالحکومت چینئی کے بین الاقوامی فلمی میلے کے دوران قومی ترانہ بجنے کے دوران کھڑے نہ ہونے پر تین افراد کو گرفتار کر لیا گيا ہے۔

گرفتار شدگان میں کالج کی ایک طالبہ اور ان کی ماں بھی شامل ہیں۔

یہ واقعہ شہر کے ایک مال میں واقع تھیئٹر میں پیش آیا جہاں قانون کی طالبہ شريلا، ان کی ماں اور کیرالہ سے آنے والے بجان کے وندو ایک بلغارین فلم 'گلوری' دیکھنے گئے تھے۔

انڈیا کی سپریم کورٹ نے گذشتہ ماہ سینما گھروں میں فلم کی ابتدا سے قبل قومی ترانہ بجانے کی ہدایات دیتے ہوئے سبھی کو اس دوران کھڑے ہونے کے احکامات دیے تھے۔

بہت سے لوگ عدالت کے اس حکم کو درست نہیں مانتے، اس لیے اس کی مخالفت شروع کی تھی اور شریلا اس کے مخالفین میں سے ایک ہیں۔

شریلا کا کہنا تھا: 'ہم پر اعتراض کرنے والے کچھ لوگ مجھ سے اور میری ماں سے تو درخواست کر رہے تھے لیکن ونود کے ساتھ انھوں نے زبردستی کی۔'

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption بہت سے لوگ ترانے کے دوران کھڑے ہونے کو درست نہیں مانتے اس لیے اس کی مخالفت شروع کی تھی اور شریلا اس کے مخالفین میں سے ایک ہیں

شريلا اور ونود کے مطابق معاملہ اس وقت شروع ہوا جب کچھ لوگوں نے ترانے کے دوران ان کے نہ کھڑے ہونے پر اعتراض کیا جس کے بعد فلمی میلے کا اہتمام کرنے والے کچھ لوگ آئے اور ان سے باہر نکلنے کو کہا گیا۔

انھوں نے کہا: 'کچھ دیر بعد تین پولیس اہلکار آئے اور ہم تینوں کو تھانے لے کر گئے لیکن کیس درج کرنے کے بعد انھوں نے ہمیں جانے دیا کیونکہ پولیس نے جس دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا اس میں ہمیں تبھی گرفتار کیا جا سکتا تھا جب ہم دوسرے لوگوں کو کھڑے ہونے سے روکتے۔'

شريلا نے بتایا کہ 'میں اصول کے تحت کھڑی نہیں ہوئی کہ قومی ترانے سے حب الوطنی کا جذبہ نہیں جاگتا۔ مجھے سپریم کورٹ کا حکم ظالمانہ اور سفاکانہ لگتا ہے۔'

اس واقعے کے بعد ونود نے بھی بعض ان لوگوں کے خلاف حملہ کرنے کی شکایت درج کروائی جنھوں نے ان کا شناختی کارڈ چھیننے کی کوشش کی اور ان کے ساتھ دھینگا مشتی کی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Thinkstock
Image caption قومی ترانے کے معاملے پر ہی پڑوسی ریاست کیرالہ میں بھی گذشتہ ہفتے ہنگامہ آرائی ہوئی تھی

فلمی میلے کے ڈائریکٹر ای تھنگراج کا کہنا تھا کہ تینوں افراد کو خود پولیس تھیئٹر سے تھانے لے کر گئی تھی اور میلے کا اہتمام کرنے والوں میں سے اس میں کوئی شامل نہیں تھا۔

انھوں نے بتایا کہ انھیں اطلاع ملی ہے کہ ناظرین کے دو دھڑوں کے درمیان گرما گرمی ہوئی تھی۔

قومی ترانے کے معاملے ہی پر پڑوسی ریاست کیرالہ میں بھی گذشتہ ہفتے اس وقت ہنگامہ اٹھ کھڑا ہوا تھا جب ریاست میں بی جے پی کے ایک رہنما اے این رادھا کرشنن نے کیرالہ کی فلم اکیڈمی کے صدر کمل کو ملک سے باہر چلے جانے کے لیے کہا تھا۔

گذشتہ ماہ کیرالہ کے بین الاقوامی فلمی میلے کے دوران کمل نے قومی ترانے کے دوران کچھ لوگوں کے کھڑے نہ ہونے پر انھیں گرفتار کرنے کے لیے آنے والی پولیس کو تھیئٹر میں جانے سے روک دیا تھا۔

سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں اس طرح کے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ زیادہ تر واقعات میں ایک گروہ دوسرے کو زبردستی کھڑا ہونے پر مجبور کرتا ہے جس کی وجہ سے ہال میں ہنگامہ شروع ہو جاتا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں