ملیشیا میں سیاحوں سے بھری کشتی لاپتہ

کششتی تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

ملیشیا میں بحری امور کے حکام کا کہنا ہے کہ ایک کشتی، جس میں کم سے کم 28 چینی سیاحوں سمیت، 31 افراد سوار تھے، ملیشیا کے ساحلی علاقے سے لاپتہ ہو گئی ہے۔

یہ کشتی ہفتے کے روز مشرقی صوبے صباح سے نکلی تھی جس کے بعد اس کا رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

ملیشیا میں بحری امور سے متعلق ایجنسی کا کہنا ہے کہ علاقے میں موسم خراب ہے اس لیے کشتی کی تلاش اور امدادای کام متاثر ہو رہے ہیں۔

یہ حادثہ ایک ایسے وقت پیش آیا ہے جب چین کے نئے قمری سال کے آغاز پر ہفتے بھر کی تقریبات شروع ہو گئی ہیں۔ ملیشیا میں آباد بہت سے چینی نژاد لوگ بھی سال نو کی یہ تقریب مناتے ہیں۔

کٹمارا نامی مذکورہ کشتی ہفتے کو مقامی وقت کے مطابق نو بجے کوٹا کندالو سے چلی تھی اور اور سیاحت کے لیے معروف جزیرے پلاؤ مینگلوم کی طرف جا رہی تھی۔ یہ جزیرہ شہر سے تقریباً 60 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

ملیشیا کی میری ٹائم انفورسمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ اس کشتی پر تین عملے کے ارکان بھی سوار تھے۔

مقامی اخبارات کے مطابق اس کشتی کو اس کے راستے کے علاقے میں تقریباً 400 ناٹیکل مربع میل کے علاقے میں تلاش کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوانات