چین: تفریحی پارک میں تیز جھولے سے گر کر ایک نوجوان لڑکی ہلاک

چین تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption اطلاعات ہیں کہ 'خلا کا سفر' کے نام سے بنائی گئے اس جھولے کی دسمبر یں جانچ کی گئی تھی

وسطی چین کے ایک تفریحی پارک میں تیز جھولے سے گر کر ایک نوجوان لڑکی ہلاک ہو گئی ہے۔

جھولی سے نکلنے کے بعد لڑکی لوہے کے جنگلے سے ٹکرائی۔ اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ جانبر نہیں ہوسکی۔

ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اس لڑکی کی سیٹ بیلٹ ٹوٹ گئی تھی اور حفاظتی بار بھی مضبوطی سے بند نہیں ہوا تھا۔

تائیوان کے پارک میں آتشزدگی، 500 سے زائد زخمی

اطلاعات ہیں کہ ’خلا کا سفر‘ کے نام سے بنائی گئے اس جھولے کی دسمبر یں جانچ کی گئی تھی۔

ویڈیو فوٹیج میں ڈیکھا جا سکتا ہے کہ یہ لڑکی جھولے سے لٹک رہی ہے جس کے بعد وہ اس سے نکل کر جنگلےسے جا ٹکرائی۔

چینی اخبار کے مطابق لڑکی کے خاندان اور پارک انتظامیہ میں معاوضے سے متعلق معاہدہ ہو گیا ہے۔ یہ لڑکی ان کی اکلوتی اولاد تھی جس کے بدلے اب انہیں 870000 یوان (ایک لاکھ 27 ہزار ڈالر) کی رقم ادا کی جائے گی۔

چین میں حفاظتی انتظامات کے نگراں ادارے نے حکام سے کہا ہے کہ تمام پارکوں کے بڑے جھولوں کو مزید جانچ تک بند کر دیا جائے۔

ادارے نے ایسے جھولے رکھنے والی تمام کمپنیوں کو بھی اس کے استعمال سے منع کر دیا ہے جبکہ اس جھولے کے بنانے والوں سے اس کی مزید جانچ پڑتال کرنے کو کہا ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption لڑکی جھولے سے نکلنے کے بعد جنگلے سے ٹکرائی

تفریحی مقامات کے بدترین حادثات

  • سنہ 1984 میں نیو جرسی کے سکس فلیگ گریٹ ایڈوینچر امیوزمنٹ پارک میں آگ لگنے سے آٹھ نوجوان ہلاک ہوئے۔
  • چین کے علاقے شینزن میں سنہ 2010 میں ایک مصنوعی راکٹ کے حادثے میں چھ افراد ہلاک ہوئے۔ یہ جھولا کنٹرول کھو کر زمین پر آ گرا۔ اس وقت اس میں 44 افراد موجود تھے۔
  • سنہ 1972 میں برطانیہ کے بیٹریسا پارک میں جھولا ٹوٹنے سے پانچ بچے ہلاک ہوئے۔
  • سنہ 2016 میں کوئنز لینڈ آسٹریلیا کے ڈریم ورلڈ ایمیوزمنٹ پارک میں دو کشتیوں کے آپس میں ٹکرا کر الٹ جانے سے چار افراد ہلاک ہوئے۔
  • کینیڈا کے علاقے البرٹا میں گیلیسکی لینڈ پارک میں تین افراد ہلاک ہوئے جو ایک کار ٹرین کی آحری کار ٹریک سے اتر گئی اور اس میں سوار افراد باہر آ گرے اور یہ کار ایک کنکریٹ کے ستون سے ٹکرا گئی۔
  • سنہ 2015 میں برطانیہ کے ایلٹن ٹاور پارک میں پیش آنے والے حادثے میں 16 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو نوجوان لڑکیوں کی ٹانگ کاٹنی پڑی۔