انڈین فوج میں بھرتی، ’لِیک‘ ہونے پر پرچہ کینسل

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

انڈین فوج نے ملک کے مغربی حصے کے چھ امتحانی مراکز میں پرچہ لیک ہوجانے کے بعد طے شدہ ٹیسٹ کو کینسل کر دیا ہے۔

یہ ٹیسٹ پورے انڈیا میں ہونا تھا تاہم اب ناگ پور، امرتسر، احمدآباد اور گوا سمیت چھ ریاستوں میں معطل ہو گیا ہے۔

حکام کے مطابق پرچہ آؤٹ ہونے کے معاملے پر 300 سے زیادہ امیدواروں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

ریاست مہاراشٹرا اور گوا میں 18 افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

چند رپورٹس کے مطابق شاید دیگر سینٹرز میں بھی ٹیسٹ معطل کر دیا جائے گا۔

پولیس نے کہا ہے کہ مبینہ طور پر طالبعلموں کو کوچنگ سینٹرز کی جانب سے پہلے ہی سوالنامہ دے دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ یہ امتحان فوج میں نچلے درجے کی بھرتیوں کے لیے تھا جن میں کلرک اور سپاہیوں کی آسامیاں شامل ہیں۔