اترپردیش میں بی جے پی، پنجاب میں کانگریس کی کامیابی

مودی کے حامی تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption نریندر مودی نے اترپردیش میں اپنی پارٹی کی انتخابی مہم میں مرکزی کردار ادا کیا تھا

انڈیا میں پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں ڈالے گئے ووٹوں کی گنتی کا عمل تقریباً مکمل ہوگیا ہے۔

تازہ ترین نتائج کے مطابق بی جے پی نے ملک کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے علاوہ اتراکھنڈ میں جبکہ کانگریس نے پنجاب میں مکمل اکثریت حاصل کر لی ہے۔

انڈیا: ریاستی انتخابات کے نتائج کا دن

مودی اکھلیش اور راہل سے بڑے’یوتھ آئیکون'

بی جے پی کی فتح کا مسلمان کیا مطلب نکالیں؟

الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر جو نتائج شائع کیے ہیں اس کے مطابق یوپی اور اتراکھنڈ میں بی جے پی نے دو تہائی اکثریت حاصل کر لی ہے۔

ریاست منی پور اور گوا میں کانگریس اور بی جے پی میں سخت مقابلہ ہوا۔ 40 رکنی گوا کی اسمبلی میں کانگریس کو 17 جبکہ بی جے پی کو 13 سیٹیں ملی ہیں۔

منی پور میں بھی کانگریس کو بی جے پی پر سبقت حاصل ہے۔ 60 رکنی اسمبلی میں کانگریس کو 26 جبکہ بی جے پی کو 21 سیٹیں ملی ہیں۔

اترپردیش (کل نشستیں 403)

پارٹی جیت سبقت
بی جے پی 312 0
سماجوادی + کانگریس 54 0
بی ایس پی 19 0
دیگر 18 0

اتر پردیش اسمبلی کی کل 403 نشستوں میں سے بی جے پی نے 312 سیٹیں جیتی ہیں۔ اس طرح 403 رکنی اسمبلی میں بی جے پی نے دو تہائی اکثریت حاصل کر لی ہے۔

سماج وادی پارٹی اور کانگریس کا اتحاد 54 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

2012 میں سماج وادی پارٹی نے 224 سیٹیں حاصل کی تھیں جبکہ بی ایس پی کو 80 سیٹیں ملی تھی اور بی جے پی 47 سیٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی تھی جبکہ کانگریس 28 سیٹیں جیت سکی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption نامہ نگاروں کے مطابق ذات پات اور مذہب میں منقسم ریاست اترپردیش میں وعدے اہمیت کے حامل ہیں

اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ اور بی ایس پی کی رہنما مایاوتی نے ایک پریس کانفرنس میں ووٹنگ کے دوران مشینوں کی خرابی کا الزام لگاتے ہوئے دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پہلے انھیں یقین نہیں آیا تھا لیکن اس بار کے نتائج کو دیکھ کر وہ یہ کہہ سکتی ہیں کہ ووٹنگ مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے۔

انھوں نے امریکہ کا حوالہ دیتے ہوئے بیلٹ پیپر پر پھر سے انتخابات کرائے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔

خیال رہے کہ وزیر ا‏عظم مودی کی پارٹی بی جے پی نے یو پی میں سماج وادی پارٹی اور سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی کی زیرِ قیادت بہوجن سماج پارٹی کے خلاف زبردست انتخابی مہم چلائی تھی۔

نریندر مودی نے اپنی پارٹی کی انتخابی مہم میں مرکزی کردار ادا کیا تھا اور انھوں نے مہم کے دوران ریاست میں ترقی کے ساتھ بدعنوانی کو ختم کرنے کا وعدہ بھی کیا۔

نامہ نگاروں کے مطابق ذات پات اور مذہب میں منقسم اس ریاست میں وعدے اہمیت کے حامل ہیں۔

پنجاب (کل نشستیں 117)

پارٹی جیت سبقت
اکالی دل + بی جے پی 18 0
کانگریس 77 0
عام آدمی پارٹی 20 0
دیگر 02 0

پنجاب میں 10 سال سے حکمراں اکالی بی جے پی اتحاد کو زبردست شکست ہوئی ہے۔ یہاں کانگریس کو جیت حاصل ہوئی ہے۔ اکالی بی جے پی اتحاد تیسرے مقام پر ہے جبکہ ریاست میں پہلی بار الیکشن میں حصہ لینے والی عام آدمی پارٹی دوسرے نمبر پر ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

نتائج کے مطابق 117 نشستوں میں سے کانگریس نے 77 نشستیں جیتی ہیں جبکہ اکالی دل اور بی جے پی کے اتحاد نے 18 نشستیں جیتی ہیں۔

عام آدمی پارٹی نے 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔

سنہ 2012 میں صوبے میں کانگریس نے 46 نشستیں، شرومنی اکالی دل اور بی جے پی نے 56 نشستیں جیتی تھیں جبکہ تین نشستوں پر دیگر امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔

اتراکھنڈ (کل نشستیں70)

پارٹی جیت سبقت
بی جے پی 56 1
کانگریس 11 0
دیگر 2 0

ریاست اتراکھنڈ میں بھی بی جے پی نے 56 نششستوں پر کامیابی حاصل کر کے اکثریت حاصل کر لی ہے اور 70 رکنی اسمبلی میں اسے ایک مزید نشست پر سبقت حاصل ہے۔

کانگریس نے 11 سیٹیں جیتی ہیں مگر اس کے وزیر اعلیٰ ہریش راوت جو دو نشستوں پر الیکشن لڑ رہے تھے، دونوں ہی جگہ انھیں شکست ہوئی ہے۔

سنہ 2012 میں بی جے پی کو یہاں 31 سیٹیں ملی تھی، جبکہ کانگریس نے 32 پر کامیابی حاصل کی تھی۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption بی جے پی نے ریاست میں زبردست انتخابی مہم چلائی تھی

گوا (کل نشستیں 40)

پارٹی جیت سبقت
بی جے پی 13 0
کانگریس 17 0
دیگر 10 0

گوا میں کانگریس کو بی جے پی پر سبقت حاصل ہے لیکن وہاں اسبملی معلق ہے۔

ریاستی اسمبلی کی کل 40 سیٹوں میں سے کانگریس نے 17 نشستیں جیتی ہیں جبکہ بی جے پی نے 13 نشستیں جیتی ہیں۔ دیگر جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے حصے میں دس سیٹیں آئی ہیں۔

2012 میں ہونے والے انتخابات میں بی جے پی نے 21، جے يو پی نے 2، کانگریس نے 9، مهاراشٹروادی گوماتك پارٹی نے 3 اور دیگر نے 5 نشستیں جیتی تھیں۔

منی پور (کل نشستیں 60)

پارٹی جیت سبقت
بی جے پی 21 0
کانگریس 28 0
دیگر 11 0

منی پور میں کانگریس نے 28 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی جبکہ بی جے پی نے 21 سیٹیں جیتی ہیں۔ باقی 11 نشستوں پر دیگر امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔

2012 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کل 60 سیٹوں میں سے کانگریس نے 42 سیٹیں جیتی تھیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں