غیر قانونی مذبح خانوں کو گندگی نہیں پھیلانے دیں گے: یوگی آدتیہ ناتھ

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

انڈیا کی ریاست اترپردیش میں وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ وہ ریاست میں غیر قانونی مذبح خانوں کو گندگی نہیں پھیلانے دیں گے۔

وزیراعلیٰ یوگي آدتیہ ناتھ نے سنیچر کو کہا ہے کہ 'نیشنل گرین ٹریبیونل' نے گذشتہ دو برس کے دوران متعدد بار غیر قانونی مذبح خانوں کو ختم کرنے کا کہا ہے لیکن جو معیار پر پورا اتر رہے ہیں حکومت انھیں کچھ نہیں کہے گی۔'

اترپردیش میں مذبح خانے بند ہونا شروع

انڈیا میں عاشقوں کے خلاف ’اینٹی رومیو‘ سکواڈ

'جو احکام کی خلاف ورزی کر رہے ہیں اور غیر قانونی طور پر گندگی پھیلا رہے ہیں انہیں ایک عمل کے تحت ہٹایا جائے اور کسی کو صحت کے ساتھ کھیلنے کی چھوٹ نہیں ملنی چاہیے۔'

خیال رہے کہ ریاست اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے آتے ہی بہت سے مذبح خانے بند ہونے شروع ہو گئے ہیں جس سے اس شعبے میں کام کرنے والے افراد اور کئی دیگر شعبے بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

ریاست کے وزير اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ سخت گیر ہندو نظریات کے حامل رہنما ہیں جن کی حکومت نے آتے ہی ان مذبح خانوں کو بند کرنے کا فرمان جاری کیا تھا جن کے پاس قانونی لائسنس نہیں ہیں۔

وزير اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست میں خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ روکنے کے لیے قائم کیے جانے والے 'رومیو سکواڈز' کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے تاہم اگر نوجوان لڑکا لڑکی اپنی مرضی سے ساتھ میں بیٹھے ہوں تو انھیں تنگ نہیں کیا جائے گا۔

اتر پردیش میں آدتیہ ناتھ کی قیادت میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے اپنے منشور پر عمل شروع کر دیا ہے۔ منشور میں بی جے پی نے خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ روکنے کے لیے رومیو سکواڈ بنانے کا وعدہ کیا تھا۔

پولیس کی ذمہ داریوں میں اب نیا کام رومیو یعنی عاشقوں کو پکڑنے کا کام بھی شامل ہو گیا ہے۔ حکام نے ضلع کے ہر تھانے میں 'اینٹی رومیو سكواڈ 'بنانے کا حکم دیا ہے۔

اسی بارے میں