انڈیا کا فوجیوں کی ہلاکت پر پاکستان سے احتجاج، ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

تصویر کے کاپی رائٹ EPA
Image caption انڈیا میں فوجیوں کے مبینہ طور پر سر قلم کرنے کے کی خبر پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے

انڈیا نے اپنے زیرِ انتظام کشمیر کی کنٹرول لائن پر مبینہ طور پر پاکستانی فوجیوں کے ہاتھوں دو انڈین فوجیوں کی ہلاکت اور ان کی لاشوں کو مسخ کیے جانے کے خلاف باضابطہ طور پراحتجاج کیا ہے۔

انڈیا نے مبینہ طور پر اس واقعے کے ذمےدار فوجیوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

٭ انڈیا کا فوجیوں کی لاشیں مسخ کرنے کا الزام، پاکستان کی تردید

دہلی سے نامہ نگار شکیل اختر کے مطابق انڈیا کی وزارت خارجہ نے پاکستان کے ہائی کمشنر عبدالباسط کو دفتر خارجہ میں طلب کیا اور ان سے انڈین فوجی نائب صوبیدار پرم جیت سنگھ اور ہیڈ کانسٹیبل پریم سنگھ کی ہلاکت اور ان کی لاشوں کو مسخ کیے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور احتجاج کیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ کرشنا گھاٹی سیکٹر میں جو واقعہ پیش آیا ہے اس میں پاکستانی فوجیوں کے ملوث ہونے کے ثبوت موجود ہیں۔

انہوں نے کہا خارجہ سیکریٹری نے ان ثبوتوں کے بارے میں پاکستان کو بتا دیا ہے۔

گوپال باگلے نے کہا کہ 'انڈیا نے پاکستان سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بہیمانہ حملے میں ملوث پاکستانی فوجیوں اور کمانڈر کے خلاف جلد سے جلد کارروائی کرے۔'

انڈین فوج نے فوجیوں کی ہلاکت اور لاشوں کو مسخ کیے جانے کے خلاف گذشتہ روز منگل کو ملٹری آپریشنز کے ڈائریکٹر جنرل کی میٹنگ میں بھی پاکستان کو متنبہ کیا تھا کہ انڈین فوج اس واقعے کے لیے اپنے وقت اور منتخب جگہ پر جواب دے گی۔

انڈیا نے کہا ہے کہ لاشوں کو مسخ کرنا تمام مہذب اصولوں کے منافی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

پاکستان نے انڈیا کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے میں اس کی فوج کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔

ہائی کمیشن عبدالباسط نے بھی پاکستان کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ اس واقعے میں پاکستانی فوج کا ہاتھ نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس سلسلے میں انڈیا کے احتجاج کو حکومت پاکستان تک پہنچا دیں گے۔

انڈیا میں عوامی حلقوں میں فوجیوں کے سر قلم کرنے کی خبر پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

میڈیا میں اس پر بحث چھڑی ہوئی ہے اور کئی حلقوں کی جانب سے جوابی کارروائی کے لیے حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں