ایرانی ووٹرز نے انتہا پسندی کو مسترد کر دیا ہے: ایرانی صدر حسن روحانی

ایران تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایرانی صدرحسن روحانی

ایران کے صدارتی انتخاب میں فتح کے بعد اعتدال پسند ایرانی صدر حسن روحانی نے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ الیکشن میں ان کی دوبارہ جیت یہ ظاہر کرتی ہے کہ ایران میں ووٹرز نے انتہا پسندی کو مسترد کر دیا ہے اور وہ بیرونی دنیا سے تعلقات بنانا چاہتے ہیں۔

الیکشن کے نتائج کے مطابق حسن روحانی کو کل ووٹوں میں سے 57 فیصد ووٹ ملے جس سے ان کو ایک بار پھر موقع ملا ہے کہ اپنی پالیسیاں جاری رکھیں اور ملک کے معاشی حالات کی بہتری کے لیے کام کرتے رہیں۔

* ایران میں صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ

اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ 'ایرانی عوام نے دکھا دیا ہے کہ وہ دنیا سے بات چیت جاری رکھنے کے راستے پر گامزن رہنا چاہتے ہیں جو کہ انتہا پسندی اور تشدد سے دور ہے۔الیکشن اب ختم ہو گئے ہیں۔ میں ملک کا صدر ہوں اور میں پورے ملک کی عوام سے مدد چاہتا ہوں، خواہ انھوں نے مجھے ووٹ دیا ہو یا نہیں۔'

اس بار الیکشن میں ووٹ ڈالنے والوں کے تناسب میں واضح اضافہ دیکھا گیا اور 70 فیصد ایرانیوں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جس میں سے دو کروڑ تیس لاکھ ووٹ حسن روحانی کے حق میں ڈالے گئے۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images

ان کے مرکزی حریف ابراہیم رئیسی کو 38.5 فیصد یعنی ایک کروڑ ستاون لاکھ ووٹ ملے۔

ایران کے صدارتی انتخاب میں حسن روحانی خارجہ پالیسی کے نعرے پر ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے اورسرکاری ٹی وی نے ان کو دوسری بار صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔

الیکشن کمیٹی کے سربراہ علی اصغر احمدی نے سرکاری ٹی وی کے مطابق تقریباً تمام ووٹوں کی گنتی ہو گئی ہے۔

ایران کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ٹرن آؤٹ غیر متوقع طور پر بہت زیادہ رہا اور چار کروڑ سے زیادہ ووٹ ڈالے گئے۔

صدر حسن روحانی کے حریف ابراہیم رئیسانی نے ووٹنگ میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے شکایت کی ہے۔

انھوں نے الزام لگایا کہ حسن روحانی کے حمایتیوں نے ووٹنگ بوتھ پر حسن روحانی کے حق میں پروپیگینڈہ کیا ہے جو الیکشن قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ایران میں صدارتی انتخاب کے لیے ہونے والی پولنگ کے مقررہ وقت کو تین مرتبہ بڑھایا گیا تھا۔

ووٹنگ کے لیے ملک بھر میں لمبی لمبی قطارے دیکھنے میں آئیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters

الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ لوگوں کی 'درخواست' اور 'جذبے' کو دیکھتے ہوئے ووٹ کے اوقات میں اضافہ کیا گیا۔

ایران کے پڑوسی ملک ترکی میں ووٹ ڈالنے والے ایرانیوں کے لیے بیلٹ پیپر ختم ہونے کے بعد تہران سے مزید بیلٹ پیپرز بھجوانے کی کوششیں کی گئیں۔

صدارتی انتخابی مہم کے دوران معاشی مسائل چھائے رہے کیونکہ ملک میں بے روزگاری کی شرح کافی بلند ہے جبکہ بیرونی سرمایہ کاری بھی نہیں ہوسکی ہے۔

68 سالہ موجودہ صدر حسن روحانی اعتدال پسند عالم ہیں جنھوں نے 2015 میں عالمی رہنماؤں سے جوہری معاہدے پر بات چیت کی تھی اور اہم معاہدہ طے پایا لیکن اس معاہدے کے ثمرات ابھی تک عوام تک نہیں پہنچ سکے ہیں۔

ابراہیم رئیسی کی عمر 56 برس کی ہے اور وہ قدامت پسند خیالات کے مذہبی عالم ہیں، سابق سرکاری وکیل ابراہیم رئیس کو سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے قریب مانا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں