سعودی عرب نے پاسداران انقلاب کے اہلکار نہیں ماہی گیر پکڑے ہیں: ایران

ایران کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی کشتی کی پرانی تصویر تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption ایران کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی کشتی کی ایک پرانی تصویر

ایران نے سعودی عرب کے اس دعوے کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ انھوں نے ایران کے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے تین اہلکاروں کو دھماکہ خیز مواد کے ساتھ گرفتار کیا ہے۔

ایران کی وزارت داخلہ میں سرحدی امور کے سربراہ ماجد آغابابی نے کہا کہ ایران کے جن تین افراد کو حراست میں لیا گيا ہے وہ جنوبی بندرگاہ بوشہر کے ماہی گیر ہیں۔

٭ ’ایران کے لیے جاسوسی‘ کے الزام میں 15 افراد کو سزائے موت

٭ ایران کو اس کی سرحدوں کے اندر محدود کرنا ہو گا: سعودی فوج

انھوں نے کہا: 'ان تینوں افراد کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ان کا تعلق بوشہر سے ہے اور سعودی کوسٹ گارڈ نے انھیں جب حراست میں لیا وہ مچھلی پکڑ رہے تھے۔'

النا نیوز ایجنسی کے مطابق انھوں نے کہا کہ 'ان کے فوجی ہونے کے کوئی شواہد نہیں ہیں۔'

سعودی عرب نے پیر کو کہا تھا اس نے تین مشتبہ افراد کو پکڑا ہے جو پاسدارن انقلاب کے رکن ہیں اور وہ ایک کشتی پر سوار خلیج میں تیل کے پلیٹ فارم کی جانب جا رہے تھے۔

خیال رہے کہ یہ خلیج ان دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے علیحدہ کرتی ہے۔

ایران کے ساتھ کشیدگی میں حالیہ اضافے کے دوران سعودی عرب کی اطلاعات اور ثقافت کی وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی حکام ان سے پوچھ گچھ کررہے ہیں۔

تصویر کے کاپی رائٹ Getty Images
Image caption ایران کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے افراد کا تعلق بو شہر سے ہے اور وہ ماہی گیر ہیں

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سعودی وزارت نے کہا کہ 'یہ واضح ہے کہ ان کا ارادہ سعودی پانیوں میں دہشت گردی کارروائی کرنا تھا اور اس کا مقصد شدید جانی و مالی نقصان پہنچانا تھا۔'

سنیچر کو ایران نے سعودی ساحلی محافظوں پر ایک ماہی گیر کے قتل کا الزام لگایا تھا جن کی کشتیاں بھٹک کر سعودی عرب کے پانیوں میں چلی گئی تھیں۔

آغابابی نے پیر کو کہا تھا کہ کشتیوں کے سعودی عرب کی پانیوں میں داخل ہونے کے شواہد نہیں ہیں۔

لیکن جس دن (سنیچر کو) یہ واقعہ رونما ہوا تھا دو میں سے ایک کشتی میں تکنیکی خرابی آ گئی تھی اور سعودی فورسز نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ماہی گیر ہلاک ہو گیا۔

پیر کو سعودی عرب نے کہا کہ انھوں نے جو کشتی پکڑی ہے اس میں سے انھوں نے اسلحے ضبط کیے ہیں۔

سعودی عرب کے مطابق یہ واقعہ جمعے کی شب کو پیش آیا تھا۔ ایک کشتی پکڑی گئی جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئیں۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں