انڈیا کی یو ٹیوب ’سٹار‘ کی ویڈیوز کہاں گئیں؟

انڈیا تصویر کے کاپی رائٹ DHINCHIKA POOJA

وہ اس قدر بری تھیں، وہ بہت ہی اچھی تھیں۔

کم از کم ان کی ویڈیوز شیئر کرنے والے تو یہی کہتے ہیں۔

لیکن اب یو ٹیوب سے ڈھنچک پوجا کی تقریباً تمام ویڈیوز ہٹ گئی ہیں اور ان کے ناقدین نے اس پر کافی خوشی منائی ہے۔

طاہر شاہ کے گانے'اینجل' کی دھوم

اس وقت پوجا کے یو ٹیوب پیج پر صرف ایک ویڈیو موجود ہے۔ ہٹائی جانے والی ویڈیوز میں ان کا مشہور گانا 'سیلفی میں نے آج لے لی' بھی شامل ہے جسے 2 کروڑ دفعہ دیکھا جا چکا تھا۔

لیکن ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ہوا کیا ہے اور پوجا کی ویڈیوز اب انٹرنیٹ پر کیوں موجود نہیں ہیں۔

فیس بک پر اگر ان کی ویڈیو پر کلک کریں تو وہاں ایک پیغام آتا ہے کہ ویڈیو اب میسر نہیں ہے۔

انڈین میڈیا میں کچھ خبروں کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ پوجا کی ویڈیوز اتارے جانے کی وجہ کاپی رائٹس قوانین کی خلاف ورزی ہے جس کی کاتھپا سنگھ نامی ایک صارف نے شکایت کی تھی۔

کاتھپا سنگھ کی ایک انڈین فلم کے کردار سے مماثلت کی وجہ سے بھی لوگ بہت محظوظ ہوئے۔

دوسری جانب کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ ویڈیوز ہٹائے جانے کی وجہ پوجا کے نئے گانے کی ویڈیو ہے۔ 'دلوں کا شوٹر' نام کے گانے کی ویڈیو میں انھیں ایک بائیک پر بغیر ہیلمٹ کے سفر کرتے دکھایا گیا ہے۔

لیکن کیونکہ اسی گانے کی ویڈیو ابھی تک ویب سائٹ پر موجود ہے اس لیے یہ خیال محض قیاس آرائیوں تک محدود ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر صارف اس خیال کا اظہار کر رہے ہیں کہ آیا یہ سب کہیں سستی شہرت حاصل کرنے کے لیے تو نہیں ہو رہا؟

کیا ڈھنچک پوجا گلوکارہ ہیں؟

پوجا کے ناقدین کہتے ہیں کہ وہ سُر اور لے میں گانے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔

لیکن ان کی یہی خامی ان کی وجہ شہرت بنی۔ انڈیا میں کئی لوگوں نے ان کا موازنہ امریکی سنگر ریبیکا بلیک سے کیا ہےجن کا گانا 'فرائیڈے' 2011 میں بہت مشہور ہوا تھا جس کے لیے انھوں نے آواز بہتر بنانے کے آلات کی مدد لی تھی۔

پوجا کا موازنہ پاکستانی گلوکار طاہر شاہ سے بھی کیا گیا ہے اور ان کے گانوں اور ویڈیوز کا ذکر انڈیا کے مشہور گلوکار سونو نگم بھی کر چکے ہیں۔

متعلقہ عنوانات