بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اپنے عہدے سے مستعفی

نتیش کمار تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption نتیش کمار کے استعفے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹر پر انھیں مبارک باد دی ہے

انڈیا کی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں اور اس کے ساتھ ہی ریاستی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے والا اتحاد ختم ہوگیا ہے۔

نتیش کمار کی جنتا دل یونائٹڈ اور بہار کے سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادو کی راشٹریہ جنتا دل نے سنہ 2015 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے اتحاد کیا تھا اور وزیر اعظم نریندر مودی کی زبردست مقبولیت کے باوجود بہار میں بی جے پی کو شکست دی تھی۔

لالو پرساد یادو اوران کے اہل خانہ کو بدعنوانی کے الزامات کا سامنا ہے اور اس پس منظر میں یہ مطالبہ کیا جارہا تھا کہ ان کے بیٹے تیجسوی یادو، جو ریاست کے نائب وزیر اعلی ہیں، اپنے عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔ لیکن لالو پرساد یادو کو یہ مطالبہ تسلیم نہیں تھا۔

نئی دہلی میں بی بی سی کے نامہ نگار سہیل حلیم کے مطابق نتیش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گورنر نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے اور یہ کہ موجودہ حالات میں ان کے لیے حکومت چلانا ممکن نہیں تھا۔

لالو پرساد یادو اور ان کے بچوں کو بے نامی املاک جمع کرنے کے الزامات کا سامنا ہے۔

تیجسوی اور لالو پرساد یادو کا دعوی ہے کہ یہ الزامات سیاسی محرکات پر مبنی ہیں اور وفاقی حکومت انھیں خاموش کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور انھیں ایک سازش کے تحت پھنسایا جارہا ہے۔

انڈیا میں سنہ 2014 کے پارلیمانی انتخابات میں واضح اکثریت حاصل کرنے کے بعد سے بی جے پی صرف دو ریاستوں دلی اور میں اسمبلی انتخابات ہاری ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ EPA

نتیش کمار پہلے بی جے پی کے اتحادی تھے لیکن نریندر مودی کو وزیر اعظم کا امیدوار بنائے جانے کے بعد انھوں نے بی جے پی سے اپنا اتحاد ختم کر لیا تھا۔ اگرچہ گزشتہ کچھ عرصے سے یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ وہ دوبارہ بی جے پی سے ہاتھ ملا سکتے ہیں لیکن آج انھوں نے اس بارے میں کچھ کہنے سے ا نکار کردیا۔

بی جے پی کے وفاقی وزیر روی شنکر پرساد نے کہا کہ یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ’ہم نے نتیش کمار کو نہیں چھوڑا تھا، انہوں نے ہمیں چھوڑا تھا۔۔۔اب آگے کیا کرنا ہے یہ فیصلہ نتیش کمار کے ہاتھوں میں ہے۔‘

نتیش کمار کے استعفے کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹر پر انھیں مبارک باد دی ہے۔

بہار کی اسمبلی میں سب سے زیادہ سیٹیں لالو یادو کی پارٹی نے ہی جیتی تھیں لیکن وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ہی بنانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ نتیش کمار اگر بی جے پی کی حمایت حاصل کر لیتے ہیں تو 243 رکنی ایوان میں انہیں اکثریت حاصل ہوجائے گی۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں