اترپردیش: ٹرین کی بوگیاں الٹنے سے 23 افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ SAMIRATMAJ MISHRA

سرکاری خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق انڈیا کی ریاست اترپردیش میں ریل گاڑی کے ایک حادثے میں کم ازکم 23 افراد ہلاک اور 80 سے زیادہ زخمی ہو گئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق کلنگا اتکل ایکسپریس کی 14 بوگیاں ریاست یو پی میں مظفر نگر کے علاقے کھتولی میں الٹ گئیں۔

یہ ریل گاڑی انڈیا کی مشرقی ریاست اڑیسہ کے شہر پوری سے شمالی ریاست اتراکھنڈ کے معروف شہر ہری دوار جا رہی تھی۔

انڈیا: مسافر ٹرین کے حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 142 ہو گئی

انڈیا: ٹرین حادثے میں 15 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

مظفر نگر کے ضلع مجسٹریٹ جی ایس پریہ درشی نے بی بی سی کو بتایا: 'میرے مطابق 21 افراد مر چکے ہیں اور 80 سے 85 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی افراد کو سرکاری اور پرائیوٹ ہسپتالوں میں داخل کیا گيا ہے۔'

وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹرین حادثے پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی امید ظاہر کی ہے۔

Image caption اس حادثے میں 14 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

ایک مقامی باشندے پنٹو چودھری نے بی بی سی کو بتایا: 'جب یہ ٹرین حادثہ ہوا میں اپنے والد اور ماں کے ساتھ اپنے گھر میں بیٹھا تھا اور ہم نے ٹرین حادثہ ہوتے ہوئے دیکھا. یہ ایک اتنا بڑا ٹرین حادثہ تھا جسے شاید کسی نے بھی نہیں دیکھا ہو۔ اس میں میرے والد کے پاؤں کی ایک ہڈی ٹوٹ گئی۔ ایک بوگی ہوا میں اڑتی ہوئی میرے گھر میں داخل ہو گئی۔ آگے کی جانب سے میرا گھر مکمل طور پر ٹوٹا ہوا ہے۔ گھر کے اندرونی حصوں میں بھی دراڑیں آ گئی ہیں۔'

ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نے کہا کہ ٹرین کے باقی تقریباً دو ہزار مسافروں کو سرکاری بسوں کے ذریعے ان کی منزل کے لیے روانہ کر دیا گيا ہے۔

یہ حادثہ شام پانچ بجے پیش آیا تھا جبکہ گاڑی کو اپنی منزل پر شب نو بجے پہنچنا تھا۔ ٹرین حادثے کی وجوہات کا ابھی علم نہیں ہو سکا ہے لیکن مقامی میڈیا میں ان کی وجہ خراب پٹریاں بتائی جا رہی ہیں۔

مقامی صحافی یوگیش راج نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ ریل میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور مقامی لوگوں نے اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مختلف ہسپتالوں میں 100 افراد کو طبی امداد کے لیے پہنچایا گیا ہے۔

ریلوے کے وزیر سریش پربھو نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ وہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئےہیں اور انھوں نے سینیئر حکام کو جائے حادثہ پر پہنچنے کا کہا ہے۔

متعلقہ عنوانات

اسی بارے میں