بھارت: ہوائی جہاز کے ٹوائلٹ سے سونا برآمد

Image caption مقامی میڈیا کے مطابق مسافر بردار ہوائی جہاز تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک سے آیا تھا

بھارت میں ایک مسافر بردار ہوائی جہاز کے ٹوائلٹ سے 11 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کا سونا ملا ہے۔

حکام کے مطابق کولکتہ کے ہوائی اڈے پر جیٹ ایئر ویز کے ہوائی جہاز کی صفائی کرنے والے عملے کو جہاز کے ٹوائلٹ سے 24 قیراط سونے کی ٹکیوں سے بھرے دو بیگ ملے۔

بھارت دنیا میں سونا استعمال کرنے والے ملکوں میں سے ایک ہے اور ملک کے تجارتی خسارے کی ایک وجہ اس قیمتی دھات کی درآمد ہے۔

بھارت نے حال ہی میں سونے کے زیورات کی درآمد پر ڈیوٹی دس فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کر دی ہے۔

حکام نے سونے کی مانگ میں کمی لانے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ بھارت میں لوگ روایتی طور پر سونے کو مالی تحفظ کا وسیلہ سمجھتے ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق مسافر بردار ہوائی جہاز تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک سے آیا تھا۔

کولکتہ ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر بی پی مشرا نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ صفائی کرنے والا عملہ معمول کے مطابق جہاز میں کام کر رہا تھا کہ اسے ٹوائلٹ سے سونے سے بھرے دو بیگ ملے۔

بی پی مشرا کے مطابق اس واقعے میں ملوث کسی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا تاہم ون انڈیا اخبار نے کہا ہے کہ ایک مشتبہ شخص سے تفتیش کی گئی ہے۔

برآمد ہونے والے سونے کی مالیت بھارتی کرنسی میں سات کروڑ سے نو کروڑ روپے تک ہے۔

اسی بارے میں