ممبئی: عمارت میں آگ لگنے سے پانچ افراد ہلاک

Image caption ممبئی صنعتی شہر ہے جہاں آگ لگنے کے واقعات ہوتے رہتے ہیں

بھارت کے صنعتی شہر ممبئی کی ایک کثیر منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے پانچ افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے۔

بھارتی خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ممبئی کی ایک 26 منزلہ عمارت کی 12 ویں منزل پر جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب آگ لگ گئی تھی۔

حکام کے مطابق آتشزدگی سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے اور ان کے جسم اس قدر جل گئے ہیں کہ ان کی شناخت نہیں ہو پا رہی ہے۔

دوسری جانب آئی اے این ایس نامی خبر رساں ادارے نے بتایا ہے کہ اس حادثے میں سات افراد ہلاک ہوئے۔

آگ لگنے کا یہ واقعہ جنوبی ممبئی کے کیپس کارنر کے پوش علاقے کی مونٹ بلینک عمارت میں پیش آيا۔

خبر رساں ادارے کے مطابق ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ایک اہلکارنے بتایا ’ہم ابھی تک لاشوں کی شناخت نہیں کر سکے۔‘

Image caption اس سے پہلے ریاستی حکومت کی ایک عمارت میں آگ لگی تھی جس سے زبردست نقصان پہنچا تھا

عمارت میں آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ نہیں چل سکا لیکن یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی اور بارھویں منزل پر سلینڈروں کے پھٹنے سے پھیل گئی۔

امدادی ٹیم نے کم از کم 17 افراد کو اس عمارت سے باہر نکالا جو آگ لگنے سے وہاں پھنسے ہوئے تھے۔

ممبئی صنعتی شہر ہے جہاں آگ لگنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔

رواں برس اگست میں بحریہ آبدوز میں آتشزدگی کے سبب 18 افراد ہلک ہوئے تھے جب کہ مارچ میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے پانچ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اسی بارے میں