بھارت:رکشہ ڈرائیور کی امریکی بیوی کے قتل کے بعد خود کشی

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ستمبر 2013 میں بنٹی شرما سے ان کی ملاقات اُس وقت ہوئی جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ تاج محل دیکھنے آئیں

چھ ماہ قبل ایک امریکی خاتون سے محبت کی شادی کرنے والے ایک بھارتی رکشہ ڈرائیور نے اختلافات کے بعد اپنی بیوی کو چاقو کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا۔

34 سالہ ایرن مائیکل ولینگر ایک سماجی کارکن تھیں اور ان کا تعلق امریکی ریاست پینسلوینیا سے تھا۔

’محبت کی شادیوں پر پابندی‘

ستمبر 2013 میں بنٹی شرما سے ان کی ملاقات اُس وقت ہوئی جب وہ اپنے دوستوں کے ساتھ تاج محل دیکھنے آئیں۔

بنٹی سیاحت کے فروغ کے لیے کام کرنے والی ایک این جی او سے ساتھ کام کر رہے تھے۔

اندھا دھند پروان چڑھتی اس محبت کا نتیجہ یہ ہوا یہ ایرن کے دوست تو واپس چلے گئے لیکن وہ بھارت کی ہی ہوگئیں اور بنٹی شرما سے شادی کرکے کرن شرما بن گئیں۔

پولیس کے مطابق یہ محبت جتنی تیزی سے پروان چڑھی تھی اتنی ہی تیزی سے دونوں میں اختلافات پیدا ہونے لگے۔ جس کی وجہ سے دونوں میں دسمبر 2013 میں علیحدگی ہو گئی۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ایرن کو قتل کرنے کے بعد بنٹی کے گھر آکر کر خود کو بھی آگ لگا دی

پولیس کا کہنا ہے کہ بنٹی کو شک تھا کہ ایرن کسی اور میں دلچسپی لینے لگی تھی۔ ایرن نے بنٹی کے خلاف گھریلو تشدد کی شکایت بھی کی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علیحدگی کے باوجود دونوں کی آپس میں ملاقات ہوتی رہی اور جمعرات کو بنٹی ایرن کو اپنے رکشے میں بیٹھا کر ویران جگہ لے گیا اور اس کے چہرے اور جسم پر کئی بار چاقو سے وار کیا۔

بنٹی ایرن کی لاش وہیں سڑک کنارے چھوڑ کر واپس اپنے گھر آیا اور خود کو بھی آگ لگا کر خود کشی کر لی۔

پولیس نے رکشہ اور دونوں کی لاشیں قبضے میں لےلیں۔

بھارت میں امریکی سفارتخانے نے تاحال اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم سفارتخانے کے عملے نے بتایا ہے کہ امریکہ میں ایرن کے خاندان کو مطلع کر دیا گیا ہے۔

اسی بارے میں