کابل میں الیکشن کمیشن پر حملہ ختم، 5 حملہ آور ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption افغانستان میں5 اپریل کو صدارتی انتخاب ہونے کو ہے

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں جلا ل آباد روڈ پر واقع الیکشن کمیشن کے دفتر پر حملہ کرنے والے پانچ شدت پسندوں کو افغان سکیورٹی فورسز نے ہلاک کر دیا ہے جس کے بعد دفتر کا محاصرہ ختم ہوگیا ہے۔

افغانستان کے نائب وزیر داخلہ جنرل ایوب سالنگی نے صحافیوں کو بتایا کہ برقعے میں ملبوس حملہ آوروں نے الیکشن کمیشن کے دفتر پر حملہ ایک قریبی عمارت سے کیا جس پر افغان سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی جو پانچ گھنٹے جاری رہنے کے بعد ان حملہ آوروں کی ہلاکت کے نتیجے میں ختم ہوئی۔

اس حملے میں دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں۔

اس سے قبل بی بی سی سے بات کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے ترجمان نور محمد نور نے تصدیق کی ہے کہ حملہ جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا ’ہمارے عملے کے کسی فرد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، ہمیں گزشتہ تین ماہ سے دھمکیاں مل رہی تھیں جس کی وجہ سے ہم نے سکیورٹی کے انتظامات سخت کر رکھے ہیں۔‘

یاد رہے کہ کابل میں ایک روز قبل ہی ایک امریکی خیراتی ادارے کے زیرِ استعمال گیسٹ ہاؤس پر حملہ پانچ افراد نے حملہ کیا جس میں پانچوں حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کے دوران ایک کمسن افغان بچی بھی اس وقت ہلاک ہوئی ہے جب ایک خودکش حملہ آور نے مہمان خانے کے دروازے پر گاڑی میں دھماکہ کیا۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان محمد نور نے بتایا کہ انتحابات سے متعلق حساس مواد پہلے ہی صوبوں کو بھجوا دیا گیا ہے جس کی وجہ سے مواد کو نقصان پہنچنے کا کوئی خطرہ نہیں۔ سرکاری اہلکار کے مطابق پہلے ایک خود کش حملہ آور نے الیکشن کمیشن سے تین سو میٹر دور واقع ایک عمارت پر حملہ کیا جس کے بعد باقی حملہ آور عمارت میں داخل ہوگئے اور الیکشن کمیشن کے دفتر پر فائرنگ شروع کر دی۔

افغانستان کی وزرات داخلہ نے بھی حملے کی تصدیق کی ہے۔

طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ وہ پر امن صدارتی انتحابات نہیں ہونے دیں گے۔

جلاآباد روڈ اس سے پہلے بھی کئی بار حملے ہو چکے ہیں۔ یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا جب الیکشن کمیشن کے اہلکار صدارتی انتحابات کے لیے سکیورٹی سے متعلق اعلیٰ سطح کا اجلاس کر رہے تھے۔

افغانستان میں صدارتی انتحابات جیسے جیسے قریب آ رہے ہیں ویسے ہی پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ افغانستان میں صدارتی انتحابات میں چھ دن رہ گئے ہیں ۔

اسی بارے میں