انڈیا: بکروں کی آن لائن خریداری

بکرا آن لائن
Image caption بکروں کے مالکان نے الگ الگ پوزوں میں تصویریں اپ لوڈ کی ہیں

بدلتے وقت کے ساتھ عید الاضحیٰ کے رنگ بھی بدل رہے ہیں اور بھارت میں اب آپ قربانی کے لیے گھر بیٹھے اپنی پسند کا بکرا آن لائن خرید سکتے ہیں۔

انڈیا میں سامان کی خرید و فروخت کی مقبول ترین ویب سائٹس ’او ایل ایکس‘ اور ’کوئکر‘ بکروں کے اشتہارات سے بھری پڑی ہیں۔ قیمت ہے، چار ہزار سے 25 لاکھ تک۔

او ایل ایکس پر بکروں کے تقریباً پانچ ہزار اشتہار ہیں۔ کوئکر پر یہ تعداد ایک سے ڈیڑھ ہزار کے درمیان ہے۔

بہار کے مظفرپور علاقے کے راجو داس ایک ساڑھی کی دکان میں سیلزمین ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ گھر پر آنے والے ان کے بکرے کی مناسب قیمت نہیں لگا رہے تھے، لہٰذا انہوں نے آن لائن قسمت آزمانے کا فیصلہ کیا۔

بکرا ابھی بکا تو نہیں لیکن کئی لوگوں نے ان سے رابطہ ضرور کیا ہے۔

پٹنہ کے طارق بھی اپنے دو بکرے آن لائن بیچ رہے ہیں۔ طارق کا کہنا ہے کہ وہ بکرے کی رسی پکڑ کر گلیوں میں نہیں گھومنا چاہتے تھے، لہٰذا انھوں نے آن لائن اشتہار دیا اور اپنے بکرے بیچ دیے۔

سب سے زیادہ اشتہارات مہاراشٹر، آندھر پردیش اور مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں سے آئے ہیں۔ بکروں کے مالکان نے الگ الگ پوزوں میں تصویریں اپ لوڈ کی ہیں، اور خریداروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کسی بکرے پر ’اللہ‘ لکھا ہوا ہے تو کسی پر 786۔

اتر پردیش کے فیروز آباد شہر میں ہیمنت نامی ایک شخص اپنا بکرا 25 لاکھ روپے میں بیچ رہے ہیں۔ اس سے کہیں کم رقم میں ٹویوٹا کی فور وہیل گاڑی خریدی جا سکتی ہے۔ تاہم ہیمنت کا دعویٰ ہے کہ ان کے بکرے پر چاند کی تصویر نظر آتی ہے اور ’اب تک اس کے 17 سے 18 لاکھ روپے لگ چکے ہیں۔‘

اشتہارات میں بکروں کی خوبیاں بھی بیان کی گئی ہیں۔ بہت سے دوسرے لوگوں نے بھی بہت اونچی قیمتیں رکھی ہیں، ان کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے اپنے بکرے بہت خاص انداز سے پالے ہیں۔

لیکن بکروں کی خرید پر ابھی ’کیش آن ڈلیوری‘ اور قسطوں کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔

اسی بارے میں