دیوالی کا تحفہ کاریں، زیورات اورگھر

Image caption بھارتی ریاست گجرات کا شہر سورت ہیروں کی تجارت کا گڑھ ہے

بھارت کی ریاست گجرات میں ہیروں کے ایک تاجر نے اپنے ملازمین کو دیوالی کے تہوار پر غیر معمولی تحائف سے نواز کر فراخدلی کا نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

بھارتی ریاست گجرات کا شہر سورت ہیروں کی تجارت کا گڑھ ہے۔ ساوجی ڈھولکیا کی کمپنی بھی وہیں سے ہیرے برآمد کرتی ہے اور اِس کے ذیلی دفاتر امریکہ، بلیجیم اور چین میں قائم ہیں۔

اگرچہ گذشتہ تین سال سے وہ اچھی کارکردگی دکھانے والے ملازمین کو فراخدلی سے نواز رہے ہیں لیکن اِس مرتبہ دیوالی پر نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

ہیروں کے بھارتی تاجر نے اپنے ملازمین میں 491 کاریں، ہیروں کے 525 زیورات اور 200 رہائشی اپارٹمنٹ دیوالی کے تحفوں کے طور پر تقسیم کیے ہیں۔

تحائف تقسیم کرتے ہوئے ساوجی ڈھولکیا نے اپنے ملازمین سے کہا کہ ’میری کمپنی کا منافع آپ سے ہے۔ آپ خوش ہیں تو ہماری ترقی ہوگی اور اُس ترقی کے منافعے کا لطف آپ ملازموں کو بھی اٹھانا چاہیے۔‘

ایک ملازم نریش میانی نے، جنھیں زیورات دیے گئے ہیں، بتایا کہ گذشتہ برس انھیں اچھی کارکردگی پر گاڑی دی گئی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ہماری خوشی کی حد نہیں: ’ماضی میں جن لوگوں کو گھر دیے گئے تھے انھیں گاڑیاں یا زیورات ملے اور جنھیں زیوارات ملے تھے انھیں گاڑیاں اور گھر دیے گئے۔‘

ان کے بقول کئی ملازمین جنھیں گاڑیاں ملی ہیں اب انھیں گاڑی چلانا سیکھنا ہو گا۔

سورت میں 2500 سے زائد فیکٹریوں میں چار لاکھ کے قریب افراد ہیروں کی تراش اور پالش کا کام کرتے ہیں۔

اسی بارے میں