’599 روپے میں آئی فون دینے کا وعدہ‘

Image caption ویب سائٹ چلانے والی کمپنی نے سرور مہیا کرانے والی ایک کمپنی کے ذریعہ آن لائن شاپنگ ویب سائٹ شروع کی تھی

بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں پولیس نے انٹرنیٹ کے ذریعہ فراڈ کے ایک معاملے میں چھ افراد کوگرفتار کیا ہے۔

بنگلور پولیس کے مطابق، یہ لوگ آن لائن خریداری کی سہولت دینے والی ایک ویب سائٹ چلاتے تھے.

بنگلور کے پولیس ڈپٹی کمشنر ابھیشیک گوئل نے بی بی سی ہندی کو بتایا کہ اس ویب سائٹ پر 599 روپے ادا کرنے پر ایک آئی فون دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

تاہم رقم کی ادائیگی کے بعد جیتنے والے کو یہ کہہ کر فون دینے سے انکار کر دیا جاتا کہ ’آپ اس کے بدلے کسی دوسری چیز کا انتخاب کر لیں۔‘

پولیس کو اس کی اطلاع اس وقت ملی جب لوگوں نے اس بارے میں بنگلور پولیس کے ٹوئٹر ہینڈل پر معلومات دیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بگ شاپ ڈاٹ کام ایک بی پی او کے ذریعہ کام کرتی تھی۔

پولیس ڈپٹی کمشنر ابھیشیک گوئل کے مطابق ’ کمپنی کے اکاؤنٹ سے 75 لاکھ روپے ملے ہیں اور تحقیقات جاری ہیں کہ دھوکہ دہی سے اور کتنی رقم جمع کی گئی ہے۔‘

پولیس نے اس معاملے میں جن چھ افراد کوگرفتار کیا ہے ان میں سے تین کمپنی کے مالکان اور تین مینیجر ہیں اور ان تمام کی عمر 20 سے 30 سال کے درمیان ہے۔

ان تمام افراد کے خلاف دھوکہ دہی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ چلانے والی کمپنی نے سرور مہیا کرانے والی ایک کمپنی کے ذریعہ آن لائن شاپنگ ویب سائٹ شروع کی تھی اور اس کا اپنا کوئی سرور نہیں تھا اور اسی وجہ سے پولیس کو ملزمان تک پہنچنے میں کافی محنت کرنا پڑی۔