بِگ بی نے لتا کو رُلا دیا

تصویر کے کاپی رائٹ HOTURE
Image caption لتا منگیشکر نے امیتابھ بچّن کی بعض باتوں اور اداؤں سے اس قدر متاثر ہوئیں کہ ان کی آنکھوں سے آنسو نکل پڑے

امیتابھ بچّن نے اپنے معروف ٹی وی شو ' کون بنےگا کروڑ پتی' کے اختتامی پروگرام میں بعض اداکاروں کے ساتھ گپ شپ میں کچھ ایسی باتیں کیں جنہیں سن کر معروف گلوکارہ لتا منگیشکر کی آنکھیں نم ہو گئیں۔

اس شو کی آخری قسط کا ذکر کرتے ہوئے لتا منگیشکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر لکھا : ’امت جی نے پروگرام میں دو لائینیں کہی تھیں: محبت کرنے والے کم نہ ہوں گے، تیری محفل میں لیکن ہم نہ ہوں گے۔ یہ سن کر میری آنکھیں بھر آئیں۔‘

لتا منگیشکر نے مزید لکھا : ’امت جی۔ آپ کے لیے میرے دل میں خاص جگہ ہے۔ میں آپ کی بہت عزت کرتی ہوں۔ خدا ہمیشہ آپ کو خوش رکھے، لمبی عمر اور اچھی صحت دے۔‘

امیتابھ بچن نے بھی جواباً ٹوئٹر پر لکھا ’لتا جی میرے پاس الفاظ نہیں کہ میں آپ کا شکریہ ادا کر پاؤں۔‘

’ کون بنےگا کروڑ پتی‘ کے آخری پروگرام میں اپنی فلم ’كل دل‘ کے پرموشن کے لیے رنویر سنگھ، گووندا، پرينیتی چوپڑا اور علی ظفر جیسے فنکاروں نے شرکت کی تھی۔

’کون بنے گا کروڑ پتی‘ کا یہ آٹھواں سیزن تھا جس کے آخری پروگرام کی شوٹنگ کو خود امیتابھ نے ’گرینڈ فینالے‘ کا نام دیا تھا۔

اس موقع پر انھوں نے ٹوئٹ کیا تھا ’ کے بی سی کا گرینڈ فینالے اختتام کو پہنچا۔ یہ سفر بڑا پر جوش رہا ۔ ہمیں بتایا گیا ہے کہ یہ میرا 602 ایپی سوڈ تھا۔‘

اپنے آخری شو میں علی ظفر، گوندا، رنویر سنکھ اور پرینیتی چوپڑا کی شرکت پر امیتابھ بہت خوش تھے اور انھوں نے اپنے ساتھ اس ٹیم کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی تھی۔

پروگرام کے اختتام پر ان فنکاروں سے بات چیت کے دوران امیتابھ نے فلم کے ایک گانے کی یہ سطریں دہرائی تھیں جس سے دیکھ کر لتا جی بہت جذباتی ہوگئیں اور فیس بک پر اپنے احساسات بیان کیے۔