سنندا پشکر قتل: ششی تھرور سے چار گھنٹے تفتیش

تصویر کے کاپی رائٹ
Image caption ششی تھرور نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا کہ پاکستانی صحافی کی وجہ سے ان کے ازدواجی تعلقات میں کوئی تلخی آئی تھی۔

بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے سابق وفاقی وزیر، رکن پارلیمان اور کانگریس کے رہنما ششی تھرور سے ان کی اہلیہ سنندا پشکر کی پراسرار موت کے سلسلے میں تفتیش کی ہے۔

سنندا کی موت تقریباً ایک سال قبل ہوئی تھی اور تب سے ہی طرح طرح کی قیاس آرائیاں جاری تھیں لیکن اب پولیس کا دعویٰ ہے کہ سنندا کو زہر دے کر قتل کیا گیا تھا۔

ششی تھرور سنندا کی ہلاکت کے وقت کانگریس کی حکومت میں وفاقی وزیر تھے اور موت کے وقت پارٹی کے ایک اجلاس میں شرکت کر رہے تھے۔

پیر کی شام دہلی کے وسنت وہار تھانے میں پولیس نے ششی تھرور سے چار گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔

مقامی ٹی وی چینلوں پر چلنے والی فوٹیج میں ششی کو پولیس افسران کے ساتھ دیکھا گیا اور اطلاعات کے مطابق ان سے اس معاملے میں کئی الجھے سوالات کا جواب مانگا گیا۔

اس سے پہلے پیر کی دوپہر کو دہلی کے پولیس کمشنر نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ تھرور جیسے ہی دہلی پہنچیں گے ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی۔

کمشنر نے یہ بھی کہا تھا کہ اس کیس سے متعلق ہر شخص سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سنندا کی موت تقریباً ایک سال قبل ہوئی تھی اور تب سے ہی طرح طرح کی قیاس آرائیاں جاری تھیں

ششی تھرور کی اہلیہ سنندا پشکر گذشتہ سال 17 جنوری کو ہلی کے ایک ہوٹل کے کمرے میں پراسرار طریقے سے مردہ پائی گئی تھیں۔

اس وقت یہ کہا گیا تھا کہ سنندا ایک پاکستانی صحافی سے ششی تھرور کی مبینہ دوستی پر ان سے ناراض تھیں اور یا تو انھوں ہے غلطی سے یا جان بوجھ کر بڑی مقدار میں دوائیاں کھا لی تھیں یا ان کو لاحق کچھ بیماریوں کی وجہ سے قدرتی طور پر ان کی موت ہوگئی تھی۔

ششی تھرور نے ان الزامات کو مسترد کیا تھا کہ پاکستانی صحافی کی وجہ سے ان کے ازدواجی تعلقات میں کوئی تلخی آئی تھی۔

طویل تحقیقات کے بعد رواں برس دہلی پولیس نے حال ہی میں دعوی کیا ہے کہ سنندا کی موت ایک قتل تھی اور اس سلسلے میں قتل کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔

سابق اطلاعات و نشریات کے وزیر منیش تیواری سے پوچھ گچھ کے بارے میں پولیس کمشنر نے کہا، ’جس کے پاس بھی اس کیس سے منسلک چھوٹی سے چھوٹی معلومات بھی ہونے کا امکان ہے ہم ان سے پوچھ گچھ کریں گے۔‘

اسی بارے میں