اوباما کی بھارت یاترا، ’تاج محل دیکھنے کا پروگرام منسوخ‘

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption صدر اوباما نے اپنے دورے کے تیسرے روز آگرہ جانا تھا

امریکہ کے صدر براک اوباما جو اتوار کو تین روزہ دورے پر بھارت کے پہنچ رہے ہیں نے آگرہ کے تاج محل جانے کا پروگرام منسوخ کردیا ہے۔

سرکاری ٹی وی ڈی ڈی نیوز نے آگرہ کے ضلع مجسٹریٹ کے حوالے سے بتایا کہ اوباما کا آگرہ دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔

صدر اوباما اپنے تین دنوں کے ہندوستان دورے کا آغاز اتوار کو دہلی سے کر رہے ہیں۔

اوباما کی بھارت یاترا کے دوران پہلے سے طے پروگرام میں کچھ تبدیلی کی گئی ہے۔

پہلے وہ اپنی بیوی مشیل اوباما کے ساتھ تاج محل دیکھنے جانے والے تھے۔ لیکن اب وہ وہاں نہیں جائیں گے۔ ان کے پروگرام میں تبدیلی کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔

صدر اوباما نے اپنے دورے کے تیسرے روز آگرہ جانا تھا۔

اوباما کو یوم جمہوریہ کے موقع پر منعقد پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا ہے۔

ہندوستان کے دورے کے دوران اوباما وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ملک کے عوام کو ریڈیو پر خطاب کریں گے۔

امریکی صدر کے بھارت دورے پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔