’مودی کا سوٹ نرگسیت کی انتہا‘

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption نریندر مودی نے خصوصی سوٹ صدر اوباما سے ملاقات کے لیے پہنا

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک کے دورے پر آئے امریکی صدر براک اوباما سے ملنے کے لیے ایک خصوصی سوٹ پہنا جس پر ان کے نام کی دھاریاں پڑی ہوئی تھیں۔

دور سے دیکھنے پر نریندر مودی کا سوٹ ایک عام نیلے رنگ کا دھاری دار سوٹ لگ رہا تھا۔

مگر سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے باریک بینی سے لیے گئے جائزے کے بعد پتا چلا کہ اِن دھاریوں میں وزیراعظم کا نام انگریزی میں لکھا ہوا ہے۔

انڈیا ٹو ڈے کی ویب سائٹ کے مطابق نریندر مودی کی تصویر صدر اوباما سے ملتے ہوئے لی گئی جو کہ بھارت کے تین روزہ دورے پر ہیں۔

اس طرز کا سوٹ پہننے والے وہ پہلے رہنما نہیں ہیں بلکہ اس سے قبل سابق مصری صدر حسنی مبارک کو مارچ 2011 میں اسی طرح کا سوٹ پہنے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ BBC World Service
Image caption بھارتی وزیراعظم کا دھاری دار سوٹ جس کی ہر دھاری میں اُن کا نام بار بار لکھا ہوا ہے

ٹوئٹر پر بہت سے لوگ مودی کے اس سوٹ پر بہت خوش ہیں اور انہیں خوش لباس قرار دے رہے ہیں۔

ایک صاحب نے اسے ’خود پسندی کی انتہا‘ قرار دیا جبکہ ایک اور نے اسے ’نرگسیت کی انتہا‘ قرار دیا ہے۔

یہ ساری باتیں ایک جانب مگر صدر اوباما نے نریندر مودی کو جام ٹوسٹ کرتے ہوئے ’سٹائل آئکن‘ قرار دیا۔

اسی بارے میں