بدخشاں: تودے تلے دب کر ایک خاندان کے 12 افراد ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption بدخشاں افغانستان کا وہ علاقہ ہے جہاں ہر سال برفانی تودے گرنے کے واقعات پیش آتے ہیں

افغانستان کے صوبے بدخشاں میں برفانی تودہ گرنے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے12 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق یہ حادثہ بدخشاں کے ضلع راغستان کے ایک دور افتادہ گاؤں میں پیش آیا۔

قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کے سربراہ سید عبداللہ نے بی بی سی کو بتایا کہ علاقے میں امن وامان کی مخدوش صورتحال کی وجہ سے امدادی کارروائیاں رکی ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ بدخشاں افغانستان کا وہ علاقہ ہے جہاں ہر سال برفانی تودے گرنے کے واقعات پیش آتے ہیں۔

سید عبداللہ نے بتایا کہ حادثے میں 12 افراد ہلاک جبکہ آٹھ گھر تباہ ہوئے۔

انھوں نے افغان خبررساں ایجنسی اے آئی پی کو بتایا کہ ’ضلع ارغستان کے گاؤں کجلی میں برفانی تودہ گرنے سے خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے 12 افراد ہلاک ہوئے۔‘

حکام کے مطابق تباہ ہونے والے گھر پہاڑ کے قریب واقع تھے اور متاثرہ علاقے میں امدادی ٹیمیں بھجوانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تقریباً ایک ہفتہ قبل صوبہ بدخشاں کے ضلع یمغان میں برفانی تودہ گرنے سے دو علاقے متاثر ہوئے جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک اور سات زخمی ہو گئے تھے۔اس حادثے میں یمغان کے کُل 20 گھر مکمل طور پر تباہ ہوئے تھے۔

اسی بارے میں