افغانستان میں افغان اہلکار کی فائرنگ سے امریکی فوجی ہلاک

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption افغانستان میں چند سال پہلے ایسے واقعات میں اضافہ ہوا تھا

افغانستان میں اطلاعات کے مطابق جلال آباد میں ایک افغان فوجی نے فائرنگ کر کے ایک امریکی فوجی کو ہلاک کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق امریکی فوجیوں کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک امریکی سفارت کار صوبہ ننگرہار کے گورنر سے ملاقات کے بعد واپس روانہ ہو رہے تھے۔

ابھی تک اس واقعے کے بارے میں زیادہ معلومات حاصل نہیں ہو سکی ہیں۔

ننگرہار پولیس کے سربراہ فضل احمد نے امریکی خبر رساں ایجنسی اے پی کو بتایا کہ’ اچانک ہی افغان فوج کے ایک اہلکارنے اس وقت وہاں موجود امریکی فوجیوں پر فائرنگ کر دی۔

تاہم برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ فائرنگ پہلے کس کی جانب سے ہوئی۔

اہلکار کے مطابق اس واقعے میں متعدد افغان اور امریکی فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔

کابل میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق فائرنگ کے واقعے سے آگاہ ہیں اور ان کے عملے کے کسی رکن کو اس میں نقصان نہیں پہنچا ہے۔

اس سے پہلے جنوری میں ایک افغان فوجی نے فائرنگ کر کے تین امریکی کنٹریکٹرز یعنی ٹھیکیداروں کو ہلاک کر دیا تھا۔

افغانستان میں کچھ سال پہلے افغان سکیورٹی اہلکاروں کے غیر ملکی فوجیوں پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا تاہم ملک سے غیر ملکی فوجیوں کا انخلا شروع ہونے کے بعد ان واقعات میں کمی آئی ہے۔

اسی بارے میں