مودی کے ٹوئٹر اکاونٹ پر صرف دو مسلمان

تصویر کے کاپی رائٹ Twitter
Image caption نریندر مودی زیادہ تر اپنی جماعت کے رہنماوں اور کارکنوں کو فالو کرتے ہیں

@narendramodi بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کل 1213 افراد کے اکاؤنٹ کو فالو کرتے ہیں۔

اس میں بیشتر ان کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے بڑے رہنماؤں، پارٹی کی الگ الگ یونٹس اور کارکنوں کے اکاؤنٹ شامل ہیں۔ کارکنان میں سے بھی زیادہ تر بی جے پی کی آئی ٹی سیل یا پیغام رسانی کے محکمے سے منسلک لوگ ہیں۔

نریندر مودی سخت گیر ہندو نظریاتی تنظیم راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ( آر ایس ایس ) کے آفیشیل اکاؤنٹ، اس کے ترجمان جریدے ’ پنچ جنئی‘ اور ’دی ویکلی ارگنائزر‘ سمیت آر ایس ایس کارکنان کے اکاؤنٹز کو بھی فالو کرتے ہیں۔

قابل غور بات یہ ہے کہ وہ حزب اختلاف کی جماعتوں کےکسی ایک بھی رہنما کو فالو نہیں کرتے ہیں۔

مودی دنیا بھر میں ہندوستان کے سفارت خانوں کے سرکاری اکاؤنٹ اور مختلف وزارتوں کے سرکاری اکاؤنٹ کو بھی فالو کرتے ہیں۔

سیاست دان نریندر مودی امریکی صدر براک اوباما، برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون، دمتری میدویدیو سمیت دنیا کے بڑے لیڈروں کو فالوکرتے ہیں۔ تبت کے مذہبی پیشوا دلائی لاما اور نوبیل انعام یافتہ بھارتی سماجی کار کن کیلاش ستيارتھي سے بھی وہ ٹوئٹر کے ذریعے رابطے میں ہیں۔ وہ بھارتی صدر کے ساتھ ساتھ روس کے صدر ولاد میر پوتن کے اکاؤنٹ کو بھی فالو کرتے ہیں۔

مودی بھارت کے سابق صدر اے پی جے عبدالکلام، افغانستان کے صدر اشرف غنی، مالدیپ کے رہنما محمد نشید اور محمدجمیل کو فالو کرتے ہیں۔

صحافی

وہ ہندوستان اور دنیا کی اہم خبروں کے ذرائع اور مخصوص صحافیوں کو بھی فالو کرتے ہیں۔

اس میں رجت شرما، سوچیتا دلال، کنچن گپتا، مدھو كشور، پربھو چاولہ، راہل كنول، راگھو بہل، یشونت دیشمکھ اور مدھو ترہان جیسے بھارتی صحافیوں کے نام شامل ہیں۔

فلمی ستارے

فلمی ستاروں میں بی جے پی سے وابستہ سیاسی لیڈر جیسےونود کھنہ، انوپم کھیر، ہیما مالنی کے علاوہ وہ جوہی چاولہ، آشا بھونسلے، لتا منگیشکر، روينا ٹنڈن، سیمی گریوال، پریٹی زنٹا اور اے آر رحمان کو فالو کرتے ہیں۔

کیٹ کیف کے نام سے بنے اکاؤنٹ ’كیٹ سوترا‘ اور نیرا راڈیا کےنام سے بنے پیروڈي اکاؤنٹ کو بھی وہ فالو کرتے ہیں۔

مودی ٹوئٹر پر سلمان خان، شاہ رخ خان اور عامر خان کو فالو نہیں کرتے جبكہ امیتابھ بچّن اور اکشے کمار کو فالو کرتے ہیں۔

کھلاڑی

کرکٹ کھلاڑیوں میں وہ سچن تندولکر، مہندر سنگھ دھونی، یوسف پٹھان سمیت موجودہ بھارتی ٹیم کے بیشتر تر کھلاڑیوں کو فالو کرتے ہیں۔ مودی لینڈر پیس، روہن بوپنا اور سائنا نہوال کوبھی فالو کرتے ہیں لیکن وہ ثانیہ مرزا کے فالوور نہیں ہیں۔

عام طور پر ٹوئٹر پر بیشتر افراد بڑے سیاستدانوں، خبروں کے مختلف ذرائع، صحافیوں، کھلاڑیوں اور فلمی ستاروں کو فالوکرتے ہیں۔ مودی بھی ایسا ہی کرتے ہیں۔

لیکن اس کے علاوہ وہ کون لوگ ہیں جو مودی کی اس فہرستمیں شامل ہے؟

اقلیتی برادی

بی جے پی کی رہنما آصفہ خان اور عاصم خان پٹھان، بی جےپی کے اقلیتی محاذ کے رہنما صوفی ایم چشتی، یونس طلعت، سید رفیق لمداوالا، ڈاکٹر محسن لوكھنڈوالا، انور منيپڈّي کےعلاوہ وہ مسلم کمیونٹی کے صرف اور صرف دو افراد کے اکاؤنٹ کو فالو کرتے ہیں۔

یہ دو افراد حنا اسرار اور عرفان اقبال ہیں اور یہ دونوں بھی ٹوئٹر پر مودی کی حمایت میں ہی ٹویٹز کرتے رہتے ہیں۔

ہندتووا

ٹوئٹر پر اس کے علاوہ مودی جن افراد کو فالو کرتے ہیں اس میں بیشتر وہ نوجوان شامل ہیں جو کھل کر مودی کی حمایت کرتے ہیں۔ وہ اپنے آپ کو ’مودی پرست‘ یا ’وطن پرست‘ کہتے ہیں۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی ان افراد کے ٹوئٹر اکاؤنٹس کو بھی فالو کرتے ہیں جو ’سخت گير ہندو مذہب‘ کی وکالت اور حمایت کرتے ہیں۔

اسی بارے میں