بنگلہ دیش فیکٹری سانحے کے مالکان پر مقدمہ ِقتل

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption رانا پلازا کا گرنا ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا صنعتی سانحہ بتایا جاتا ہے

بنگلہ دیش میں پولیس نے سنہ 2013 میں منہدم والی فیکٹری کے مالک اور 41 دیگر افراد پر قتل کا مقدمہ دائر کیا ہے۔

کپڑے بنانے والی یہ فیکٹری ایک عمارت، رانا پلازہ میں قائم تھی جس کے منہدم ہونے سے ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

رانا پلازا کے مالک سہیل رانا اور ایک درجن سے زائد سرکاری حکام ان 42 افراد میں شامل ہیں جن پر قتل کا مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔

ان پر الزام ہے کہ انھوں نے عمارت کے گرنے سے ایک دن پہلے مزدوروں کو عمارت میں داخل نہ ہونے کی ہدایت کو نظر انداز کیا تھا۔

یہ ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا صنعتی سانحہ قرار دیا جاتا ہے اور اس حادثے کے بعد عالمی سطح پر رائج کاروباری طرز عمل پر شدید اعتراضات کیے گئے تھے۔ ملزمان میں فیکٹری کے مالکان بھی شامل ہیں جن پر ابتدا میں قتل خطا کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

لیکن حادثے کی سنگینی کے پیش نظر الزامات کو قتل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزمان کو سزائے موت بھی سنائی جا سکتی ہے۔

تفتیش کار بجی کرشنا کار کا کہنا ہے کہ 28 جون کو عدالت میں پیشی ہوگی جس میں آئندہ کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

اسی بارے میں