اب تاج محل بھی ٹوئٹر پر

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER

بھارت کے 69ویں یوم آزادی کے موقع پر ریاست اتر پردیش کے وزیرِاعلیٰ اکھلیش یادو نے دنیا کے سات عجوبوں میں شامل تاج محل کا سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ شروع کیا ہے۔

ٹوئٹر پر اس کا ہینڈل @TajMahal ہے اور اتر پردیش کے سیکریٹری سیاحت نے دعوی کیا ہے کہ آگرہ میں واقع تاج محل دنیا کی پہلا تاریخی یادگار ہے، جس کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بنایا گیا ہے۔

یہ اکاؤنٹ ریاستی وزارتِ سیاحت کی جانب سے چلایا جا رہا ہے اور تاج محل کا ٹوئٹر اکاؤنٹ شروع ہوتے ہی چند گھنٹوں میں اس کے فالوئرز کی تعداد ہزاروں میں پہنچ گئی۔

مغل بادشاہ شاہ جہان کی جانب سے اپنی اہلیہ ممتاز محل کی یاد میں بنائے جانے والے اس مقام کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پیغام میں کہا گیا کہ ’دنیا میں دو طرح کے لوگ ہوتے ہیں. ایک وہ جو میرے پاس آئے ہیں اور یہاں مجھے فالو کر رہے ہیں. دوسرے وہ جنہوں نے مجھے دیکھا نہیں ہے اور لیکن یہاں مجھے فالو کر رہے ہیں۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ TWITTER

تاج محل کا اکاؤنٹ بننے کے بعد ٹوئٹر پر #MyTajMemory کا ہیش ٹیگ بھی شروع ہوا جسے استعمال کرتے ہوئے لوگوں نے تاج محل سے منسلک اپنی یادیں اور تصاویر شیئر کیں۔

اتر پردیش کی وزارتِ سیاحت نے یہ بھی کہا ہے کہ اب تاج محل دیکھنے آنے والے سیاحوں کو 30 منٹ تک مفت وائی فائی کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

یہ سہولت اس سال جون میں باضابطہ طور پر شروع ہوئی تھی اور نصف گھنٹے تک مفت وائی فائی کے استعمال کے بعد صارفین رقم ادا کر کے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

اسی بارے میں