بھارت کا افریقی ممالک کے لیے 60 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption دہلی میں ہونے والی اس کانفرنس میں تقریباً 50 افریقی ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی

بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے افریقہ میں تعمیراتی منصوبوں سے متعلق کانفرنس میں افریقی ممالک کے لیے 60 کروڑ امریکی ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔

دہلی میں ہونے والی اس کانفرنس میں تقریباً 50 افریقی ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی ہے۔

بھارت اور افریقی ممالک کے درمیان 2007 کے بعد سے تجارتی حجم دوگنا ہو کر 72 ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے لیکن اس میں مزید اضافے کی گنجائش موجود ہے۔

دہلی میں ہونے والے بھارت افریقہ فورم کا مقصد بھارت اور افریقہ کے درمیان روابط بڑھانا اور افریقہ کے خطے میں بھارت کی موجودگی ظاہر کرنا ہے۔

اس اجلاس میں جنوبی افریقہ کے صدر جیکب زوما، زمبابوے کے صدر رابرٹ موگابے، مصر کے صدر عبدالفتح السیسی اور سوڈان کے عمر البشیر بھی شریک ہیں۔

اطلاعات ہیں کہ 1983 کے بعد سے بھارت میں افریقی رہنماؤں کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہے۔

کانفرنس سے ابتدائی خطاب میں مسٹر مودی نے بھارت اور افریقہ کو ’عالمی معیشت میں اُمید کے دو اہم مقامات‘ قرار دیا ہے۔

نریندر مودی نے کہا کہ ’ڈیڑھ ارب بھارتیوں اور ڈیڑھ ارب افریقیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ہمارے نوجوان متحد ہیں۔ دو تہائی افریقی اور بھارتی افراد کی عمر 35 سال سے کم ہے اور اگر مستقبل کا دارومدار نوجوانوں پر ہے تو پھر اس صدی کی تعمیر ہمارے ہاتھوں میں ہے۔‘

دہلی میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ بھارت افریقہ کے ساتھ اپنی تاریخی کڑیاں جوڑنا چاہتا ہے جہاں نوآبادیاتی دور میں بڑی تعداد میں بھارت سے لوگ افریقی ممالک منتقل ہوئے اور وہاں کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالا ہے۔

بھارت افریقہ کے معدنی ذخائر میں دلچسپی رکھتا ہے جبکہ افریقی ممالک بھارت کی انفارمیشن ٹیکنالوجی اور موبائل فونز کی صنعت سے مستفید ہونا چاہتا ہے۔

افریقی رہنماؤں کی اس کانفرنس کے دوران مرکزی دہلی کا بڑی حصہ بند ہے۔ بدھ کی شام یہ رہنما سرکاری عشائیے میں شرکت کریں گے۔

اسی بارے میں