18 ماہ میں 28 بیرونی دورے

تصویر کے کاپی رائٹ Reuters
Image caption برطانیہ سمیت بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا یہ 30 بیرونی دورہ ہے اور اس طرح غیر ملکی دوروں کے 72 دن مکمل ہو جائیں گے

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی برطانیہ کے تین روزہ دورے کے لیے جمعرات کی صبح دلی سے لندن کے روانہ ہوئے۔ وزیر اعظم کی حیثیت سے 18 ماہ کی مدت میں مودی کا یہ اب تک کا 28 واں بیرونی دورہ ہے۔

نریندر مودی نے 26 مئی 2014 کو بھارت کے وزیر اعظم کا عہدہ سنبھالا تھا۔

ان 534 دنوں میں سے (11 نومبر تک) اب تک وہ بیرونی ممالک کے کل 29 دورے کر چکے ہیں۔ انھوں نے مجموعی طور پر کل 69 دن بیرونی ممالک میں گزارے ہیں۔

جن ممالک کا مودی نے دو بار دورہ کیا ہے وہ امریکہ اور پڑوسی ملک نیپال ہیں۔

اگر برطانیہ کی اس سفر کو بھی اس فہرست میں شامل کر لیا جائے تو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے 30 بیرونی دورے ہو جائیں گے اور اس طرح غیر ملکی دوروں کے 72 دن مکمل ہو جائیں گے۔

Image caption مودی اب تک امریکہ، فرانس، جرمنی، چین، اور عرب امارات سمیت تقریبا 28 ممالک کا دورہ کر چکے ہیں

نریندر مودی 12 سے 14 نومبر تک برطانیہ کے دورے پر ہیں۔ اس دوران وہ برمنگھم میں وہ بھارتی نژاد لوگوں سے خطاب بھی کریں گے۔

ریاست بہار کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی شکست اور اپوزیشن اتحاد کی کامیابی کے بعد مودی کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

ستمبر میں دلی کے پاس ہی دادری میں ایک شخص، محمد اخلاق کو گائے کا گوشت کھانے کی محض افواہ پر قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد سے ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی پر بحث چھڑی ہوئی ہے۔

اس مسئلے پر مودی نے ایک طویل خاموشی اختیار کی اور اس پس منظر میں مودی کا یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہو سکتا ہے کہ برطانیہ میں رہنے والے بہت سے بھارتی نژاد لوگ مودی سے ملک میں موجودہ ماحول کے متعلق سوالات بھی کریں۔

اسی بارے میں