چین میں مٹی کا تودہ گرنے سے 25 ہلاک

مشرقی چین میں مٹی کا تودہ گرنے سے 25 افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ دو ہزار سے زائد امدادی کارکن ملبے تلے دب جانے والے افراد کی تلاش کر رہے ہیں۔

چین کے صوبے چینکیانگ میں کئی روز سے جاری بارشوں کے باعث مٹی اور چٹانیں گریں جس سے گاؤں لڈونگ کے کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔

یہ تودہ جمعے کی شب گیارہ بجے گرا اور اس سے 30 سے زائد مکانات دب گئے۔

گاؤں کے کچھ علاقوں میں تاحال سیلاب کی صورتحال ہے جس سے امدادی کاموں میں بھی رکاوٹ کا سامنا ہے۔

اطلاعات کے مطابق 12 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

مقامی حکام کے مطابق ایک شخص کو بچا لیا گیا ہے اور اس کی حالت مستحکم ہے۔

مقامی حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارکنوں کے ساتھ ساتھ سرhغ رساں کتے، مشینری اور ماہر نفسیات کو بھی علاقے میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے بھیجا گیا ہے۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق لاپتہ افراد میں زیادہ تعداد بچوں اور عمر رسیدہ افراد کی ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ اس قدرتی آفت سے جن افراد کے گھر تباہ ہوئے ہیں انھیں معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

اسی بارے میں