تاخیر سے پہنچے پر گورنر کو جہاز میں سوار کرنے سے انکار

تصویر کے کاپی رائٹ PFA
Image caption گورنر سداشیوم ایئر پورٹ تاخیر سے پہنچے تھے

بھارت کی سرکاری ایئر لائن ایئر انڈیا کے ایک پائلٹ نے ریاست کیرالہ کے گورنر پی سداشیوم کو طیارے میں سوار کرنے سے انکار کر دیا۔

بھارتی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس سداشیوم کو کیرلا کے شہر کوچی سے ریاستی دارالحکومت ترواننتپورم جانا تھا لیکن مبینہ طور پر وہ ایئر پورٹ کافی تاخیر سے پہنچے تھے۔

بھارت میں ایسے عہدوں پر فائز اہم شخصیات کو وی آئی پی مراعات حاصل ہوتی ہیں لیکن پائلٹ نے انہیں یہ رعایت دینے سے انکار کر دیا۔

گورنر کے پروٹوکول افسر نے کہا کہ گورنر سدا شیوم طیارے کی پرواز سے محض 10 منٹ پہلے کوچین کے ایئرپورٹ پر پہنچے تھے۔

اس وقت مسافروں کو سوار کرنے کے لیے طیارے میں لگائی جانے والی سیڑھی ہٹا لی گئی تھی اور جہاز کو واپس رن وے کی طرف لے جایا جا رہا تھا۔

Image caption جب گورنر پہنچے تو مسافروں کو سوار کرنے کے لیے طیارے میں لگائی جانے والی سیڑھی ہٹائی جا چکی تھی اور جہاز کو واپس رن وے کی طرف لے جایا جا رہا تھا

جب گورنر کے دفتر کے بعض حکام نے اس معاملے پر ایئر لائنز کے افسران کو سمجھانے کی کوشش کی تو پائلٹ نے ان کی بات نہیں تسلیم کی۔

پھر بعد میں گورنر سدا شیوم رات کے بجائے صبح فلائٹ پکڑی اور ترواننتپورم پہنچے۔

بعد میں اس طرح کی بھی اطلاعات آغیں کہ ایئر انڈیا کے حکام نے دہلی سے کوچی ہوتے ہوئے ترواننتپورم جانے والی فلائٹ نمبر A -1048 تاخیر کا شکار ہے اور اپنے مقررہ وقت رات 9.45 کے بجائے 11.40 بجے روانہ ہوگی۔

گورنر کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گيا کہ مبینہ طور پر گورنر کی توہین کرنے کے لیے ایئر انڈیا کے خلاف شکایت درج کی گئي ہے۔

لکن ایئر لائنز کی طرف سے اس پر اب تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ اس دوران ریاست کے وزیر اعلی اون چانڈی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ اس مسئلے کو مناسب حکم کے ساتھ اٹھائیں گے۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP

بھارت میں ارکان پارلیمان، گورنر سیاست دان اور سیاسی رہنماؤں کو خصوصی پروٹوکال ملتا ہے جس کا وہ کئی بارغلط استعمال بھی کرتے ہیں۔

اگر وہ دیر سے پہنچیں تو اکثر ان کی خاطر فلائٹز اور ٹرینوں کی روانگي میں تاخیر کر دی جاتی ہے جس سے عام مسافروں کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

بھارت میں ریاست کے کسی گورنر کے ساتھ اس طرح کا واقعہ غالباً پہلی بار ہوا ہے۔

اسی بارے میں