تامل ناڈو میں بل فائٹنگ پر عائد پابندی ختم

تصویر کے کاپی رائٹ J Suresh
Image caption سپریم کورٹ کی جانب سے عائد پابندی کی وجہ سے گذشتہ برس یہ مقابلے منعقد نہیں ہوئے تھے

بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کی حکومت نے جالیکٹو (بُل فائٹنگ) کے کھیل پر عائد پابندی ختم کر دی ہے۔ جالیکٹو تمل ناڈو میں ہزاروں برسوں سے ایک مقبول کھیل رہا ہے۔

خیال رہے کہ بھارتی کی سپریم کورٹ نے جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کے اعتراضات کے بعد سنہ 2014 میں اس کھیل پر پابندی عائد کر دی تھی۔

ریاستی حکومت کی جانب سے اس کھیل پر عائد پابندی ختم ہونے کے بعد تامل ناڈو میں رواں برس یہ کھیل منعقد ہو گا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے عائد پابندی کی وجہ سے گذشتہ برس یہ مقابلے منعقد نہیں ہوئے تھے۔

بھارت کی اعلیٰ عدالت نے اس کھیل پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں استعمال ہونے والے جانوروں کو ’بہت زیادہ نقصان‘ پہنچ رہا ہے اور یہ ’پریونیشن آف کرولٹی ٹو دی اینیمل ایکٹ‘ کے تحت جرم کے زمرے میں آتا ہے۔

دوسری جانب بھارت میں جانوروں کی فلاح کے ادارے کا کہنا ہے کہ وہ تامل ناڈو کی حکومت کے اس فیصلے کو چیلنج کریں گے۔

Image caption جالیکٹو تمل ناڈو میں 2,000 برس پرانا کھیل ہے اور اس کا شمار قدیم ترین کھیلوں میں ہوتا ہے

جانوروں کی فلاح کے ادارے کے ایک اہلکار نے بھارتی اخبار دی ہندو کو بتایا ’ہم عدالت کے سامنے آج ہی اس معاملے کو لے کر جانے کی امید کر رہے ہیں، ہم حیران ہیں کہ مرکز (وفاقی حکومت) سپریم کورٹ کی حیثیت کو کم کرنے کے لیے تیار ہے۔‘

ادھر بھارت کے ماحول اور جنگلات کے وزیر پرکاش جاویدکر نے تمل ناڈو میں اس کھیل پر عائد پابندی اٹھانے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

بھارتی اخبار ’دی ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق اب یہ دوڑ کسی بھی ضلعے میں منعقد ہو سکے گی جہاں یہ روایتی طور پر ہر سال منعقد ہوتی تھی بشرطیکہ کہ یہ دوڑ ایک خصوصی ٹریک پر منعقد کی جائے جو دو کلومیٹر سے زیادہ طویل نہ ہو۔‘

تامل ناڈو میں بھارت کے وزیرِ مملکت برائے ٹرانسپورٹ، ہائی ویز اینڈ شپنگ پون رادھاکرشنن نے ٹویٹ کے ذریعے بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور پرکاش جاویدکر کا شکریہ ادا کیا ہے۔

تامل ناڈو کی سیاسی جماعتوں اور ثقافتی تنظیموں نے اس کھیل پر عائد پابندی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا یہ کھیل ان کے ثقافت کا حصہ ہے۔

جالیکٹو تمل ناڈو میں 2,000 برس پرانا کھیل ہے اور اس کا شمار قدیم ترین کھیلوں میں ہوتا ہے۔

اسی بارے میں