فرانس بھارت میں چھ ایٹمی ری ایکٹر لگائے گا

تصویر کے کاپی رائٹ MEATWITTER
Image caption فرانس بھارت میں اسمارٹ سٹی بنانے میں مدد دے گا

فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے بھارت میں چھ ایٹمی ری ایکٹر لگانے کا اعلان کیا ہے جبکہ 36 لڑاکا رفائل طیاروں کی خریداری کے معاملے میں صرف مالی مسائل پر بات باقی ہے۔

انھوں نے نئی دہلی میں پیر کو وزیر اعظم نریندر مودی سے بات چیت کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں یہ بات کہی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان سکیورٹی، فوجی تعاون سے لے کر انتہا پسندی سے نمٹنے اور جوہری توانائی جیسے مسائل پر بات چیت ہوئی۔

اس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔

دونوں رہنماؤں میں اتفاق کیا گیا کہ فرانس بھارت میں چھ ایٹمی ری ایکٹر لگائے گا جس کا استعمال بجلی کی پیداوار کے لیے کیا جائے گا۔

فرانس بھارت میں سمارٹ سٹی بنانے میں مدد دے گا اور وہ بھارت کو شمسی توانائی کے میدان میں بھی امداد فراہم کرے گا۔

فرانس کے صدر اولاند نے کہا کہ بھارت کے خلائی پروگرام میں فرانس کی دلچسپی ہے اور پہلے سے جاری تعاون کو اور مضبوط کیا جائے گا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption فرانس بھارت میں اسمارٹ سٹی بنانے میں مدد دے گا

فرانسیسی صدر نے کہا کہ فرانسیسی کمپنیاں بھارت میں ’میک ان انڈیا‘ پروگرام میں شامل ہوں گی۔ وہ یہاں سرمایہ کاری کریں گی اور ٹیکنالوجی لائیں گی۔

بھارت سکیورٹی معاملات میں فرانس کی مدد کرے گا۔ فرانسیسی اور بھارتی فوج کے درمیان تعاون بڑھایا جائےگا۔

دونوں ممالک کے رہنماؤں میں طے پایا کہ فرانس بھارت کے ساتھ خفیہ معلومات کا تبادلہ کرے گا۔ شدت پسند سرگرمیوں میں شامل ہونے کے لیے بیرون ملک جانے سے روکنے میں فرانس بھارت کی مدد کرے گا۔

فرانسوا اولاند نے نریندر مودی کو یقین دلایا کہ بھارتی کمپنیوں کو فرانس میں کاروبار کرنے میں ہر ممكن مدد کی جائے گی۔

اس موقع پر نریندر مودی نے فرانس سے رفائل طیارے خریدنے کا رسمی اعلان کر دیا۔

اسی بارے میں