تیندوا پکڑنے کی کوشش کے دوران چھ زخمی

تصویر کے کاپی رائٹ Kashif Masood
Image caption تیندوے کو اتوار کی شام کو دس گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد پکڑا گيا

بھارت کے شہر بنگلور کے ایک سکول میں داخل ہونے والے تیندوے کو پکڑنے کی کوشش کے دوران چھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ تیندوا اتوار کو کنڈالا ہلّی کے علاقے میں واقع وِیبگیور انٹرنیشنل سکول کے احاطے میں داخل ہوگیا تھا اور دس گھنٹے کی جدوجہد کے بعد اسے بےہوش کر کے اس پر قابو پایا گیا۔

اس جدوجہد کے دوران ایک سائنسدان اور محکمہ جنگلات کا ایک ملازم بھی زخمی ہوا۔

سکول کے سکیورٹی کیمرے کی فوٹیج میں تیندوے کو سوئمنگ پُول کے نزدیک ایک شخص پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

Image caption تیندوے کو پکڑنے کی کوشش میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے

سینیئر پولیس اہلکار ایس بورالنگائیا نے صحافیوں کو بتایا کہ ’تیندوے پر قابو پانا ایک طویل جدوجہد تھی۔ اگرچہ اس کو بے ہوشی کے انجکشن لگا دیے گئے تھے پھر بھی مقامی وقت کے مطابق رات سوا آٹھ بجے کے قریب دواؤں کے مکمل اثر دکھانے کے بعد ہی اسے پکڑنا ممکن ہوسکا۔‘

جنگلی حیات کے محکمے کے اہلکار روی رالف نے بی بی سی ہندی کے عمران قریشی کو بتایا کہ تیندوا ممکنہ طور پر سکول کے نزدیک واقع جنگل سے سکول میں داخل ہوا تھا۔

Image caption آٹھ سالہ نر تیندوا کنڈالا ہلّی کے علاقے میں سکول میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا

تیندوے کو بعد میں نیشنل پارک منتقل کردیا گیا جبکہ مقامی ٹیلی وژن چینل کے کیمرہ مین سمیت چھ زخمیوں کے معمولی زخموں کا علاج کر دیا گیا۔

جنگلی جانوروں کی ایک حالیہ مردم شماری کے مطابق بھارت میں تیندووں کی آبادی 12 ہزار سے 14 ہزار کے درمیان ہے۔

گذشتہ سال بھی ایک تیندوا بھارت کی شمال مغربی ریاست راجستھان کے ایک گاؤں میں پانچ گھنٹے تک اپنا سر ایک ہانڈی میں پھنسائے گھومتا رہا تھا۔

اسی بارے میں