مدر ٹیریسا کو سینٹ کا درجہ دینے کا اعلان

تصویر کے کاپی رائٹ AFP
Image caption سنہ 2003 میں مدر ٹیریسا کو روحانیت کا درجہ دیا گیا تھا جو سینٹ بننے کی جانب پہلا قدم ہے

کيتھولک مسيحي پيشوا پوپ فرانسس نے اعلان کیا ہے کہ چار ستمبر کو رومن کیتھولک راہبہ مدر ٹیریسا کو سینٹ کا درجہ دیا جائے گا۔

بھارت کے شہر کولکتہ کی کچی آبادیوں میں مدر ٹیریسا کی خدمات پہ انھیں بہت سراہا جاتا ہے اور غریبوں کی مدد کے لیے ان کے کام کا اعتراف کرتے ہوئے انھیں امن کا نوبل انعام بھی دیا گیا تھا۔ وہ 1997 میں فوت ہوئی تھیں۔

راہبہ مدر ٹیریسا کا دوسرا معجزہ بھی تسلیم ’مدر ٹیریسا کے باقیات البانیہ کو نہیں دے سکتے‘ مدر ٹیریسا: ولایت کی جانب پہلا قدم

سنہ 2003 میں مدر ٹیریسا کو روحانیت کا درجہ دیا گیا تھا جو سینٹ بننے کی جانب پہلا قدم ہے۔

پوپ فرانسس نے گذشتہ برس مدر ٹیریسا کے دوسرے معجزے کو بھی تسلیم کر لیا تھا جس کے بعد سینٹ کا درجہ دینے کے لیے راہ ہموار ہو گئی تھی۔

مدر ٹیریسا سے منسوب ایک معجزے میں ایک برازیلی شخص دماغ میں کئی رسولیاں ہونے کے باوجود ناقابل توجیہ طور پر صحت یاب ہوگئے تھے۔

روحانیت کے درجے پر فائز ہونے کے لیے کیتھولک چرچ کی جانب سے کم از کم ایک معـجزہ تسلیم کیا جانا ضروری ہے جبکہ سینٹ کے طور پر تسلیم کیے جانے کا عمل شروع ہونے کے لیے کم از کم دو معجزوں کوتسلیم کیا جانا ضروری ہے۔

سنہ 2003 میں پوپ جان پال دوم نے ان سے منسوب ایک معجزے کو مستند تسلیم کیا تھا جس کے بعد انھیں روحانیت کا درجہ دیا گیا تھا۔

تصویر کے کاپی رائٹ AP
Image caption ’سینٹ آف دی گٹر‘ کے نام سے پہچانی جانے والی مدر ٹیریسا نے اپنے کام سے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنا لی تھی

پوپ نے فیصلہ دیا تھا کہ پیٹ کی رسولی میں مبتلا ایک ہندوستانی عورت کی شفا مدر ٹیریسا کی روحانی مداخلت کا نتیجہ تھی۔

دوسری جانب بھارت کے استدلال پسند حلقوں کی جانب سے اس دعوے پر اعتراض کیا گیا تھا۔

مدر ٹیریسا کا اصل نام ایگنس گون کابوہیک یو تھا اور وہ 1910 میں مقدونیہ کے شہر سکوپئے میں پیدا ہوئی تھیں۔ کولکتہ میں غریب اور بیمار لوگوں کی دیکھ بھال کے لیے اپنی زندگی وقف کرتے ہوئے 1949 میں مدر ٹیریسا نے مشنریز آف چیریٹی کاآغاز کیا تھا۔

’سینٹ آف دی گٹر‘ کے نام سے پہچانی جانے والی مدر ٹیریسا نے اپنے کام سے دنیا بھر میں اپنی پہچان بنا لی تھی۔

دوسری جانب ان کے ناقدین ان پر آمروں کے ساتھ روابط ہونے اور سخت گیر کیتھولک ہونے کا الزام لگاتے ہیں۔

اسی بارے میں