مودی کے لیے سعودی عرب کا سب سے بڑا سول ایوارڈ

تصویر کے کاپی رائٹ MEA twitter
Image caption انھیں یہ ایوارڈ دہلی کے لیے روانگی سے قبل شاہی دربار میں عطا کیا گیا

انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی کو سعودی عرب نے ملک کے سب سے بڑے سول اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

انڈیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے اتوار کو ٹویٹ کے ذریعے اس بابت معلومات فراہم کی تھی۔

انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو سعودی عرب کا سب سے بڑا سول اعزاز ’شاہ عبدالعزیز ایوارڈ‘ دیا گیا ہے۔

مودی کو یہ اعزاز ان کے دو روزہ سعودی عرب کے دورے کے آخری دن ہفتے کو دیا گیا۔

مودی کے اس دورے میں بھارت اور سعودی عرب کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری بڑھانے اور سٹریٹجک تعاون کے کئی معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔

وزیر اعظم مودی نے سعودی عرب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹ کیا: ’عالی جاہ شاہ سلیمان بن عبدالعزیز السعود کے ساتھ عظیم ملاقات رہی۔ ہم لوگ بھارت اور سعودی کے درمیان مضبوط تعلقات کے لیے پابند ہیں۔‘

مزید لکھا: ’شکریہ سعودی عرب۔ بہت سے پروگرام میں شرکت کی جو ہمارے ملکوں کے درمیان معاشی اور لوگوں کے درمیان رابطے کو مضبوطی فراہم کرے گا۔‘

تصویر کے کاپی رائٹ Other
Image caption وکاس سوروپ کا ٹویٹ

مودی تین ممالک کے اپنی حالیہ دورے کے آخری مرحلے میں سعودی عرب پہنچے تھے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری تصاویر میں سعودی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے ہاتھوں مودی کو یہ اعزاز لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

انھیں یہ ایوارڈ دہلی کے لیے روانگی سے قبل شاہی دربار میں عطا کیا گیا۔

اس سے قبل دن میں مودی نے شاہ سلیمان کو بھارت آنے کی دعوت دی جنھیں انھوں نے قبول کیا۔

اسی بارے میں