اجین میں کمبھ میلے کا آغاز

انڈیا کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش میں ہندوؤں کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع جمعہ سے شروع ہوگیا ہے جو ایک مہینے تک جاری رہے گا۔

اسے کمبھ میلہ کہا جاتا ہے اور یہ ملک کے چار شہروں، الہ آباد، ہری دوار، ناسک اور اجین میں بارہ سال کے وقفے سے منعقد کیے جاتے ہیں۔

کمبھ میلے میں تقریباً پانچ کروڑ عقیدت مندوں کے حصہ لینے کی توقع ہے اور اسے دنیا کا سب سے بڑا مذہبی اجتماع مانا جاتا ہے۔

میلے کا آغاز شاہی اشنان یا غسل سے ہوا۔

سب سے پہلے جونا اکھاڑے کے سادھو، جو عام طور پر کپڑے نہیں پہنتے، سنان کے لیے دریائے شپرا میں اترے۔

اس کے بعد باقی بارہ اکھاڑوں سے وابستہ سادھوؤں نے سنان کیا۔

ہندو دریائے شپرا کو مقدس دریا مانتے ہیں اور ہندو عقیدے کے مطابق کمبھ میلہ راکشسوں کے اوپر دیوتاؤں کی فتح کا جشن ہے۔

ہندو عقیدے کے مطابق یہ مانا جاتا ہے کہ ان کے درمیان امرت یا آب حیات پر بھیانک جنگ ہوئی تھی۔

میلے میں سکیورٹی کی ڈیوٹی پر بیس ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار مامور ہیں۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ خواجہ سرا بھی اس میلے میں شرکت کر رہے ہیں اور انہوں نے اپنا علیحدہ اکھاڑہ قائم کیا ہے۔

اسی بارے میں